پاکستانی کرکٹ شائقین نے برمنگھم میں سماں باندھ دیا

نمائندہ خصوصی  منگل 11 جون 2013
21 ہزار کی گنجائش رکھنے والا ایجبسٹن اسٹیڈیم پاک جنوبی افریقہ ٹاکرے میں بھرا رہا۔  فوٹو : فائل

21 ہزار کی گنجائش رکھنے والا ایجبسٹن اسٹیڈیم پاک جنوبی افریقہ ٹاکرے میں بھرا رہا۔ فوٹو : فائل

برمنگھم: پاکستانی شائقین نے برمنگھم میں سماں باندھ دیا۔

21 ہزارافرادکی گنجائش رکھنے والا ایجبسٹن اسٹیڈیم  گذشتہ روز پاک جنوبی افریقہ میچ کے دوران مکمل بھرا ہوا تھا، ان میں سے بیشتر گرین شرٹس کو ہی سپورٹ کر رہے تھے۔ میچ سے قبل ہی اسٹیڈیم کے اطراف کی سڑکوں پر پاکستانی شائقین کی بڑی تعداد نظر آنے لگی، بعض مقامات پر سبز ہلالی پرچموں کی فروخت بھی جاری تھی، ایک منی بس میں شائقین  کی بڑی تعداد اسٹیڈیم پہنچی جنھوں نے چہروں پر قومی پرچم پینٹ کرائے ہوئے تھے،  پاکستان میں چلنے والا خصوصی رکشہ یہاں عوام کی توجہ کا مرکز بنا رہا، اسٹیڈیم میں  موجود شائقین کی بڑی تعداد اور پرچموں کو دیکھ کر ایسا محسوس ہوا کہ جیسے گوروں کے دیس نہیں بلکہ پاکستان میں ہی کوئی میچ ہو رہا ہے،اس موقع پر وقفے وقفے سے چلنے والا گانا ’’دل دل پاکستان‘‘ عوام کا جوش مزید بڑھا دیتا۔

ایسے میں بار بار اسٹیڈیم میں یاددہانی کا پیغام بھی چلتا رہا کہ اگر کوئی دوران میچ میدان میں گیا تو بھاری جرمانے کے ساتھ سزا کا سامنا بھی ہو سکتا ہے،اسی وینو پر ہفتے کو پاک بھارت میچ کا انعقاد ہونا ہے جس کے ٹکٹ کئی روز قبل ہی فروخت ہو چکے، گراؤنڈ میں ٹیمیں اور اسٹینڈز میں شائقین مقابل ہونگے، بعض ویب سائٹس بلیک میں ٹکٹوں کی فروخت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئی ہیں، ایسی ہی ایک سائٹ پر 250 پاؤنڈ(تقریباً 38 ہزار پاکستانی روپے) میں بھی ٹکٹ بک رہے ہیں، گرین شرٹ کی طرح برمنگھم میں بھارتی ٹیم کے مداحوں کی بھی بڑی تعداد موجود ہے، وہ بھی کئی روز سے میچ دیکھنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، برمنگھم کے قریبی شہروں سے بھی لوگوں کی بڑی تعداد میچ سے لطف اندوز ہونے اسٹیڈیم آئیگی، سیکیورٹی کے بھی خاص انتظامات کیے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔