ورلڈ ٹیم اسکواش؛ پاکستان کا فاتحانہ آغاز، روس کو مات

اسپورٹس ڈیسک  منگل 11 جون 2013
فرحان زمان، ناصر اقبال اور ثاقب یوسف نے حریفوں کو مات دیکر ٹائی میں 0-3 سے جیت قومی ٹیم کے نام کردی، اگلا چیلنج فرانس کا ہوگا۔   فوٹو: فائل

فرحان زمان، ناصر اقبال اور ثاقب یوسف نے حریفوں کو مات دیکر ٹائی میں 0-3 سے جیت قومی ٹیم کے نام کردی، اگلا چیلنج فرانس کا ہوگا۔ فوٹو: فائل

مل ہاؤس / فرانس: ورلڈ ٹیم اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستانی ٹیم نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے  روس کو ہرادیا۔

فرحان زمان، ناصر اقبال اور ثاقب یوسف نے حریفو ں کو اسٹریٹ سیٹس میں زیر کرتے ہوئے پیش قدمی جاری رکھی، تفصیلات کے مطابق فرانس کے شہر مل  ہاؤس میں شروع ہونے والے ایونٹ کے پہلے روز پاکستان نے روس کیخلاف یکطرفہ مقابلے میں کامیابی حاصل کی۔ پہلے میچ میں فرحان زمان نے الیگزینڈر شیلوو کو 0-3 سے ٹھکانے لگاتے ہوئے ٹیم کیلیے فتح کی بنیاد رکھی، ان کی جیت کا اسکور11-3، 10-2 اور 11-1 رہا۔

دوسرے سنگلز  مقابلے میں ناصر اقبال نے  ویلری لیٹونکو  کو 10-6,7-0 اور 10-3 سے شکست دیدی۔آخری میچ میں ثاقب یوسف نے ڈمٹری گرسچانین کو  0-3 سے آؤٹ کلاس کرتے ہوئے پاکستان کو پہلے لیگ  میں فتح سے ہمکنار کرادیا، فاتح کھلاڑی  11-7،11-8 اور11-5 سے سرخرو ہوئے۔

افتتاحی روز ہونے والے دیگر مقابلوں میں مصر نے کویت کو 0-3 سے مات دی، کینیڈا نے نمیبیا، انگلینڈ نے کولمبیا کو زیر کرلیا، آسٹریلیا نے سوئٹزرلینڈ کیخلاف کامیابی حاصل کی، نیوزی لینڈ نے پولینڈ اور ملائیشیا نے بوٹسوانا کو ہرادیا، امریکا نے جمہوریہ چیک اور وینزویلا نے فن لینڈ کو مات دے دی، اسکاٹ لینڈ نے کینیا پر ہاتھ صاف کیے، میزبان فرانس کی ٹیم ہالینڈ کے مقابل سرخرو ہوئی، ہانگ کانگ نے آسٹریا کومات دیکر  ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا، اگلے مرحلے میں پاکستان کو  تھرڈ سیڈ فرانس کی دیوار گرانے کا چیلنج درپیش ہوگا۔

یاد رہے کہ 24ویں ورلڈ ٹیم اسکواش چیمپئن شپ میں 31 ملکوں کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں، مصر دفاعی چیمپئن اور ایونٹ کے ٹاپ سیڈ کی حیثیت سے میدان میں ہے، انگلینڈ کو دو سیڈ قرار دیا گیا ہے۔

2009 کی رنرز اپ فرنچ ٹیم تھرڈ سیڈ کے طور پر اپنی مہم کا آغاز کرچکی، ریکارڈ 8 بار چیمپئن کا اعزاز حاصل کرنے والے آسٹریلیا کو اس بار چوتھی بہترین سائیڈ  قرار دیا گیا ہے، گذشتہ ٹورنامنٹ  میں 12ویں نمبر پر براجمان پاکستان کو اس بار 14 سیڈ کے طور پر انٹری ملی،بوٹسوانا اور پولینڈ کی ٹیمیں پہلی بار ایونٹ میں شرکت کر رہی ہیں، 2011 میں پاکستان نے ڈنمارک کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کے نتیجے میں پول مقابلوں میں ہی تیسری پوزیشن کے ساتھ اختتام کرتے ہوئے اپنا ایونٹ میں سفر تمام کیا۔

یاسر نے راسموس نیلسن کو شکست دی لیکن وقار محبوب کو مورٹس سورنسن  اور عامر اطلس خان کو کرسٹن فروسٹ نے مات دیکر پاکستان اسکواش کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگا دیا تھا۔ اس بار آسان پول کی موجودگی میں قومی پلیئرز کے اپنے پول میں دوسرے نمبر پر آنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔