بارشوں سے قبل نکاسی آب کے سلسلے میں ضروری اقدامات کیے جائیں،ہاشم رضا

اسٹاف رپورٹر  منگل 11 جون 2013
 شہر کے چھوٹے بڑے نالوں کی صفائی، کلورٹس کی مرمت اور نکاسی آب کے کاموں پر بھرپور توجہ دیں، ہاشم رضا۔ فوٹو : فائل

شہر کے چھوٹے بڑے نالوں کی صفائی، کلورٹس کی مرمت اور نکاسی آب کے کاموں پر بھرپور توجہ دیں، ہاشم رضا۔ فوٹو : فائل

کراچی: ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی سید ہاشم رضا زیدی نے محکمہ میونسپل سروسز کو ہدایت کی ہے کہ مون سون کی آئندہ بارشوں سے قبل نکاسی آب کے تمام راستوں کی مکمل صفائی کو یقینی بنایا جائے۔

یہ بات انھوں نے مون سون کی بارشوں کے حوالے سے حکمت عملی کی تیاری کے حوالے سے میونسپل سروسز اور دیگر متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہی، انھوں نے کہاکہ شہر کے تمام چھوٹے بڑے نالوں کی صفائی کے ساتھ ہر ضلع میں بارشوں کے دوران متوقع صورتحال سے نمٹنے کیلیے وافر مقدار میں مشینری، آلات اور افرادی قوت کی دستیابی کا مکمل جائزہ لیا جائے اور اس سلسلے میں ایک جامع رپورٹ تیار کی جائے۔

انھوں نے ہدایت کی کہ متوقع بارشوں کے پیش نظر تمام اضلاع کے میونسپل کمشنرز ،چیف انجینئرز اور تمام متعلقہ عملے کے ساتھ رین ایمرجنسی کیلیے دستیاب وسائل تیار حالت میں رکھنے کیلیے مسلسل رابطہ رکھا جائے، شہر کے چھوٹے بڑے نالوں کی صفائی، کلورٹس کی مرمت اور نکاسی آب کے کاموں پر بھرپور توجہ دیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔