پاکستان تیزی سے دیرپا امن کے قیام کی جانب گامزن ہے، آرمی چیف

ویب ڈیسک  جمعـء 12 اکتوبر 2018
آرمی چیف نے برطانوی سیکرٹری دفاع گیون ولیئم سن سے بھی ملاقات کی، آئی ایس پی آر ۔ فوٹو : فائل

آرمی چیف نے برطانوی سیکرٹری دفاع گیون ولیئم سن سے بھی ملاقات کی، آئی ایس پی آر ۔ فوٹو : فائل

 راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان تیزی سے دیرپا امن کے قیام کی جانب گامزن ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے برطانوی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل نکولسن سے ملاقات کی جس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے برطانوی سیکرٹری دفاع گیون ولیئم سن سے بھی ملاقات کی، اس موقع پر برطانوی قومی سلامتی کے مشیر مارک سیڈویل اور برطانوی وزیراعظم کے خصوصی نمائندے برائے پاکستان اور افغانستان بھی موجود تھے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق برطانوی حکام سے وفد کی سطح پر امن وامان سے متعلق دوطرفہ تعاون کیلیے مذاکرات بھی ہوئے، اس موقع پر برطانوی لیڈرشپ نے پاکستان میں قیام امن، سلامتی کی صورتحال اور خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کے کردار کی بھی تعریف کی۔

ملاقاتوں میں دوطرفہ دفاعی تعاون، سیکورٹی صورتحال اور افغانستان سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ برطانوی قیادت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور امن و امان کی بحالی پر پاکستان کے اقدامات کو بھی سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان تیزی سے دیرپا امن کے قیام کی جانب گامزن ہے اور پاکستان باہمی سیکورٹی اور دفاعی تعاون کو بلند ترین سطح پر لے جانے کا خواہاں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔