نوازشریف کیخلاف ریفرنسز کی سماعت مکمل کرنے کی مہلت میں 17 نومبر تک توسیع

ویب ڈیسک  جمعـء 12 اکتوبر 2018
نواز شریف کے خلاف 2 نیب ریفرنسز زیر سماعت ہیں فوٹو: فائل

نواز شریف کے خلاف 2 نیب ریفرنسز زیر سماعت ہیں فوٹو: فائل

 اسلام آباد: سپریم کورٹ نے احتساب عدالت کو نواز شریف کے خلاف زیر سماعت ریفرنسز مکمل کرنے کے لئے 17 نومبر تک مہلت دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کی مہلت میں اضافے کے لیے احتساب عدالت نمبر 2 کے جج ارشد ملک کی درخواست کی سماعت کی۔

نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت سے مقدمات کی سماعت مکمل کرنے کے لیے 6 ہفتوں تک مہلت دینے کی استدعا کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال سے ریفرنسوں کی پیروی کر رہا ہوں، ریفرنسز پر سماعت تکمیل کے قریب ہے، ممکن ہے عدالت آج آخری مرتبہ توسیع دے۔

چیف جسٹس نے دونوں ریفرنسز کے ٹرائل کے لیے 17 نومبر تک کی مہلت دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ یہ آخری توسیع ہے، اس کے بعد کوئی توسیع نہیں دی جائے گی۔ احتساب عدالت دونوں ریفرنسز پر ہفتہ وار کارروائی کی رپورٹ پیش کرے۔ 17 نومبر تک دونوں ریفرنسز کا فیصلہ نہ ہوا تو شکوہ خواجہ حارث سے ہو گا، 17 نومبر کے بعد خواجہ حارث کو ہفتہ اور اتوار کو بھی احتساب عدالت پیش ہونا ہوگا۔

سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ احتساب عدالت میں العزیزیہ ریفرنس پر سماعت مکمل ہوچکی، سپریم کورٹ احتساب عدالت کو العزیزیہ ریفرنس کا فیصلہ سنانے کی ہدایت کرے۔ سپریم کورٹ نے نیب کی العزیز یہ ریفرنس کافیصلہ پہلے سنانے کی استدعا مسترد کردی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر 2 میں نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنسز زیر سماعت ہیں۔ جن کا ٹرائل مکمل کرنے کے لیے سپریم کورٹ کی جانب سے احتساب عدالت کو دی جانے والی آخری مدت 7 اکتوبر کو مکمل ہوئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔