مقبوضہ کشمیر میں پی ایچ ڈی اسکالر کی شہادت پر مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال

ویب ڈیسک  جمعـء 12 اکتوبر 2018
کاروباری سرگرمیاں بند اور ذرائع نقل وحمل معطل ہیں۔ فوٹو : فائل

کاروباری سرگرمیاں بند اور ذرائع نقل وحمل معطل ہیں۔ فوٹو : فائل

 سری نگر: قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں پی ایچ ڈی اسکالر ڈاکٹر منان وانی کی شہادت پر مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے۔

کشمیری میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ روز قابض بھارتی فوج نے ظلم و بربریت کی انتہا کرتے ہوئے نہایت تعلیم یافتہ کشمیری نوجوان ڈاکٹر منان وانی کو سرچ آپریشن کے دوران ضلع کپواڑا میں شہید کردیا تھا۔

جس پر آج وادی میں سوگ کا عالم ہے اور حریت رہنماؤں کی اپیل پر انسانیت سوز سلوک کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کے لیے مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے۔

حریت رہنماؤں کی اپیل پر پوری وادی میں ذرائع نقل و حمل مکمل طور پر بند ہیں۔ کاروباری سرگرمیاں اور ٹرین سروس معطل ہیں جب کہ سڑکوں پر ہُو کا عالم ہے۔

ہڑتال کو ناکام بنانے کے لیے مرکزی حریت رہنماؤں اور مقامی قیادت کو نظر بند کردیا گیا ہے جب کہ حریت کارکنان کی گرفتاری کے لیے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری کو تعینات کردیا گیا ہے جگہ جگہ ناکے کے نام پرعوام کی تلاشی لی جارہی ہے اورانہیں ہتک کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جب کہ حساس علاقوں کا بہانہ بنا کر نیٹ سروس بھی بند کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب طلبہ و طالبات کی جانب سے ممکنہ احتجاج کو روکنے کے لیے بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے سری نگر سمیت مقبوضہ کشمیر کے اہم اضلاع کے تمام تعلیمی اداروں کو بند کر دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔