بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے نائیکوپ کی شرط ختم

ویب ڈیسک  جمعـء 12 اکتوبر 2018
امیگریشن بیورو کیلئے نادرا کی تصدیقی عمل کی فیس 45 سے کم کرکے 10 روپے کردی گئی: فوٹو:فائل

امیگریشن بیورو کیلئے نادرا کی تصدیقی عمل کی فیس 45 سے کم کرکے 10 روپے کردی گئی: فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں نائیکوپ( بیرون ملک پاکستانیوں کو جاری کیا جانے والا کارڈ) کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں معاون خصوصی زلفی بخاری، نادار ، ایف آئی اے اور وزارت ایچ آر ڈی کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بیرون ملک پاکستانیوں کے نائیکوپ ختم کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ بیرون ملک پاکستانی نائیکوپ کو آپشنل استعمال کرسکیں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نادرا اور وزارتِ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کے درمیان ڈیٹا شیئرنگ کیلئے رابطہ رہے گا جب کہ  نادرا ور وزارت ایچ آر ڈی کے ساتھ  بیرون ملک پاکستانیوں کے ساتھ فیملی ٹری شیئر کرے گا اور ڈیٹا کو پیش نظر رکھ کر بیرون ملک پاکستانیوں کو صحت و تعلیم کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

امیگریشن بیورو کیلئے نادرا کی تصدیقی عمل کی فیس بھی 45 سے کم کرکے 10روپے کردی گئی ہے اور نادرا امیگریشن بیورو اور ایف آئی اے کے درمیان لنک قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں بیرون ملک سے رقوم کی ترسیل پر عائد ٹیکس ختم کرنے پربھی غور کیا گیا جس کے لئے وزیراعظم نے وزارت خزانہ اور ایف بی آر سے لائحہ عمل مانگ لیا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں، بیرون ملک پاکستانیوں کی جائیدادوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، صوبائی حکومتیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اہل خانہ کی حفاظت کیلئے خاطرخوا اقدامات کریں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔