ڈاکٹروں نے مریض کی آنکھ سے 15 سینٹی میٹر طویل کیڑا نکال دیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 13 اکتوبر 2018
بھارتی شہری کی آنکھ سے 15 سینٹی میٹر طویل طفیلی کیڑا زندہ حالت میں برآمد کرلیا گیا (فوٹو: دی مرر)

بھارتی شہری کی آنکھ سے 15 سینٹی میٹر طویل طفیلی کیڑا زندہ حالت میں برآمد کرلیا گیا (فوٹو: دی مرر)

کرناٹکا: بھارت میں ڈاکٹروں نے ایک شخص کی آنکھ کے سفید حصے میں تیرتے ہوئے طفیلی کیڑے کو باہر نکال لیا جس کی لمبائی 15 سینٹی میٹر تھی۔

بھارتی ریاست کرناٹکا میں 60 سالہ  شخص کو چند روز قبل اسپتال لایا گیا۔ اسپتال میں ڈاکٹر سری کانت شیٹی نے فوری طور پر ان کے لیے معمولی آپریشن تجویز کیا بصورتِ دیگر بینائی ضائع ہونے کا احتمال تھا۔ کیڑے کو نکالنے کا پورا عمل فلمایا گیا اور اسے آن لائن پوسٹ بھی کیا گیا جسے دیکھ کر جسم میں جھرجھری طاری ہوجاتی ہے۔

ڈاکٹر یہ جان کر حیران رہ گئے کہ 15 سینٹی میٹر لمبا طفیلیہ مریض کی آنکھوں میں دائیں بائیں حرکت کررہا تھا۔  بعد ازاں ماہرین کی ٹیم نے بھی مریض اور طفیلی (پیراسائٹک) کیڑے کا معائنہ کیا تو انکشاف ہوا کہ یہ مچھر کے کاٹنے سے منتقل ہوا ہے۔

اس کیڑے کا نام  ’ووکریریا بین کرافٹی‘ ہے لیکن اس کے آنکھوں میں پہنچنے کا امکان بہت کم ہوتا ہے اور کسی شخص کی آنکھ میں اس کا پہنچ جانا ایک حیرت انگیز واقعہ ہے۔

 



ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔