ملک بھر میں ضمنی انتخابات کیلیے پولنگ آج ہوگی

ویب ڈیسک  اتوار 14 اکتوبر 2018
قومی اسمبلی کے11 اورصوبائی اسمبلی کے 24 حلقوں میں پولنگ ہو گی. فوٹو : فائل

قومی اسمبلی کے11 اورصوبائی اسمبلی کے 24 حلقوں میں پولنگ ہو گی. فوٹو : فائل

 اسلام آباد: ملک بھر میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ آج ہوگی اور 35 حلقوں میں اُمیدوار قسمت آزمائیں گے جس کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ آج ہوگی اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے ہیں، پولنگ 35 حلقوں میں ہوگی جن میں  قومی اسمبلی کے 11 اورصوبائی اسمبلی کے 24 حلقے شامل ہیں۔

اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی ایک ، پنجاب کی 8، سندھ  اور خیبر پختونخوا کی ایک ایک نشست پر انتخاب ہوگا جب کہ پنجاب اسمبلی  کی 11، سندھ کی 2، خیبر پختونخوا کی 9 اور بلوچستان کی 2 نشستوں پرضمنی انتخاب ہوگا۔

پاک فوج کی نگرانی میں بیلٹ پیپرز اور دوسرا سامان پولنگ اسٹیشنز پہنچادیا گیا ہے،پولنگ صبح 8 بجے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

ضمنی الیکشن کے لیے 95 لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں، 641 امیدوار پنجہ آزمائی کریں گے، 92 لاکھ 83 ہزار 74 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جس کے لیے 7 ہزار 489 پولنگ اسٹیشنز بنائےگئے ہیں، مختلف حلقوں کے1727 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

ضمنی انتخابات میں  40 ہزار سے زائد پاک فوج کے جوان فرائض سرانجام دیں گے جب کہ ایک لاکھ پولیس اور دوسرے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کسی بھی ناخوشگوار واقعےسے نمٹنے کے لیے فوجی جوان پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر تعینات ہوں گےجب کہ  وزارت توانائی کو ہدایت کی گئی ہے کہ پولنگ کے دوران متعلقہ حلقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔

الیکشن کمیشن نے سیکیورٹی اسٹاف کے لیے ضابطہ اخلاق بھی جاری کردیا ہے جس کے مطابق سیکیورٹی اسٹاف پریذائیڈنگ آفیسر اور آراوز کے ماتحت ہوں گے، سیکیورٹی حکام بیلٹ پیپرز کی گنتی میں مداخلت نہیں کریں گے۔



ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔