ویسٹ انڈیز کی مزاحمت سے بھارتی بولرز حواس باختہ

اے ایف پی / اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 13 اکتوبر 2018
حیدرآباد، دکن: بھارت کیخلاف میچ کی پہلی اننگز میں ویسٹ انڈین بیٹسمین روسٹن چیس کا جارحانہ انداز، انھوں نے ناقابلِ شکست 98 رنز بنائے۔ فوٹو: فائل

حیدرآباد، دکن: بھارت کیخلاف میچ کی پہلی اننگز میں ویسٹ انڈین بیٹسمین روسٹن چیس کا جارحانہ انداز، انھوں نے ناقابلِ شکست 98 رنز بنائے۔ فوٹو: فائل

حیدر آباد دکن:  ویسٹ انڈیزکی مزاحمت نے بھارتی بولرز کو حواس باختہ کردیا۔

دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اوپنرز کریگ بریتھ ویٹ (14) اور کیرون پاول (22) کا وکٹ پر قیام زیادہ طویل نہیں رہا، شائی ہوپ نے 36 رنز بناکر کچھ ہمت دکھائی،شیمرون ہٹمائر 18 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

ایک مرحلے پر نصف ٹیم 113 پر میدان بدر ہوکر مشکلات میں گھر چکی تھی،ایسے میں روسٹن چیس اور شین ڈوریچ کے درمیان چھٹی وکٹ کیلیے69 رنزکی شراکت بن گئی،اس میں ڈوریچ کا حصہ 30رنز رہا، ان کے میدان چھوڑنے کے بعد کپتان جیسن ہولڈر نے روسٹن کے ساتھ مل کر اسکور بورڈ کو متحرک رکھا، دونوں نے ساتویں وکٹ کیلیے 104رنزجوڑے جس نے بھارتی بولرز کی ابتدائی کامیابیوں کو گہنا دیا۔

دن کے اختتام پر مہمان الیون نے 7 وکٹ پر 295 رنز اسکور بورڈ پر سجا دیے، روسٹن چیس 98 اور دیویندرا بشو2  پر ناٹ آؤٹ رہے، کپتان ہولڈر52 رنز بناکر پویلین واپس ہوئے، اسپنر کلدیپ یادیو نے 3 وکٹیں لیں، فاسٹ بولر امیشن یادیو نے بھی اتنے ہی شکار کیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔