رائینو وائرس کی تصدیق، شہری گلے، ناک اور آنکھوں کی الرجی کا شکار

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 13 اکتوبر 2018
شہری نیم گرم پانی زیادہ پئیں،نزلہ زکام میں یخنی اور کافی مفید ہے،ٹھنڈے مشروبات اور کھٹی اشیا نقصان دہ ہیں،پروفیسرعثمان۔ فوٹو: فائل

شہری نیم گرم پانی زیادہ پئیں،نزلہ زکام میں یخنی اور کافی مفید ہے،ٹھنڈے مشروبات اور کھٹی اشیا نقصان دہ ہیں،پروفیسرعثمان۔ فوٹو: فائل

 کراچی: کراچی میں موسم کی تبدیلی اورخنک ہوا کے ساتھ ’’رائینووائرس‘‘ پھیلنے کی تصدیق کی گئی ہے۔

جناح اسپتال کے ای این ٹی سربراہ پروفیسر ایم عثمان نے بتایا ہے کہ کراچی میں موسم تبدیل ہونا شروع ہوگیا ہے دن میں شدیدگرمی اور رات میں ہواخنک اور علی الصباح موسم سرد ہونے سے گلے اور ناک کی الرجی،ا ٓنکھوں میں خارش، ناک سے پانی بہنا اور چھینکوں کا آنا رائینو وائرس کی علامات ہیں انھوں نے بتایا کہ ناک کی 2بیماریاں ہوتی ہیں ایک  الرجی یہ پورے سال رہتی ہے جبکہ بہارکے موسم میں pollen grain بیماری شروع ہوتی ہے۔

موسم بہار میں یہ الرجی بہت زیادہ ہوتی ہے، بالخصوص ان علاقوں میں جہاں درخت زیادہ ہوں جبکہ سرد موسم میں انفلوئینزا وائرس شدت اختیار کرتا ہے۔

پروفیسر ایم عثمان نے بتایا کہ موجودہ خشک اور خنک موسم میں رائینو وائرس شہر میں شدت سے حملہ آور ہے۔ ٹھنڈے مشروبات، کولڈ ڈرنکس، لسی، کھٹی اشیا سے پرہیز کیا جائے بچوں کو آئس کریم اور کھٹی اشیا سے دور رکھا جائے، شہری گرد وغبار والی جگہوں سے دور رہیں ، گلہ خراب ہونے کی صورت میں دن میں کئی بار نیم گرم پانی سے غرارے کریں موجودہ موسم نیم گرم پانی زیادہ پئیں، گلہ خراب ہونے کی صورت میں یخنی،کافی چائے میں شہد کا استعمال مفید ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔