انتخابی مہم ختم؛ 35 حلقوں میں ضمنی الیکشن کل ہوگا

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 13 اکتوبر 2018
51 ہزار 235 پولنگ عملہ،40 ہزار سے زائد فوجی جوان ڈیوٹی انجام دیں گے، متعلقہ حلقوں میں بجلی لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے، الیکشن کمیشن۔ فوٹو: فائل

51 ہزار 235 پولنگ عملہ،40 ہزار سے زائد فوجی جوان ڈیوٹی انجام دیں گے، متعلقہ حلقوں میں بجلی لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے، الیکشن کمیشن۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 35 حلقوں میں ضمنی الیکشن کیلیے پولنگ کل (اتوار کو) ہوگی۔

قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 35 حلقوں میں ضمنی الیکشن کیلیے پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی، قومی اسمبلی کی 11، پنجاب اسمبلی کی11، خیبر پختونخوا اسمبلی کی 9، سندھ اور بلوچستان اسمبلی کی 2،2 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہونگے، پہلی بارسمندر پار پاکستانی بھی حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

قومی اسمبلی کے جن11 حلقوں میں انتخابات ہوں گے، ان میں این اے 35 بنوں ، این اے 53 اسلام آباد، این اے 56 اٹک، این اے 60 راولپنڈی، این اے 63 راولپنڈی، این اے 65 چکوال، این اے 69 گجرات، این اے 103 فیصل آباد، این اے 124 لاہور، این اے 131لاہور اور این اے 243 کراچی شامل ہیں، لاہور کے حلقہ این اے 131 میں مسلم لیگ (ن) کے خواجہ سعد رفیق اور تحریک انصاف کے ہمایوں اختر میں مقابلہ ہے جبکہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی این اے 124 لاہور سے میدان میں اتریں گے جن کا مقابلہ پی ٹی آئی کے غلام محی الدین سے ہوگا۔

کراچی کے حلقہ این اے 243 میں تحریک انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ کے امیدواروں کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے، خیبر پختونخوا کے حلقوں پی کے 3 سوات، پی کے 7سوات، پی کے44 صوابی، پی کے53 مردان، پی کے 61 نوشہرہ، پی کے 64 نوشہرہ، پی کے78  پشاور، پی کے97 ڈیرہ اور پی کے 99 ڈیرہ میں ضمنی انتخاب ہوگا۔

پنجاب اسمبلی کے حلقوں پی پی 3 اٹک، پی پی 27 جہلم، پی پی 103 فیصل آباد، پی پی 118 ٹوبہ ٹیک سنگھ، پی پی 164 لاہور، پی پی 165 لاہور، پی پی 201 ساہیوال، پی پی 222 ملتان، پی پی 261 رحیم یار خان، پی پی 272 مظفر گڑھ اور پی پی 292 ڈیرہ غازی خان میں ضمنی انتخابات ہوگا، سندھ اسمبلی کے پی ایس 87 ملیر اور پی ایس 30 خیرپور، بلوچستان اسمبلی کے پی بی 35 مستونگ اور پی بی 40خضدار میں ضمنی الیکشن ہوگا۔

ضمنی الیکشن میں مجموعی طور پر 641 امیدوار پنجہ آزمائی کریں گے، پولنگ کیلیے انتظامات مکمل کر لیے گئے۔ 95 لاکھ کے قریب بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں، 7 ہزار 489 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں1727 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، 51 ہزار 235 انتخابی عملہ اور40 ہزار سے زائد پاک فوج کے جوان فرائض سرانجام دیں گے جبکہ ایک لاکھ سے زائد پولیس اوردیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی تعینات ہوں گے۔

25 روز سے جاری انتخابی مہم جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات ختم ہوگئی تاہم آج (ہفتے کو) کارنر میٹنگز، ریلیوں، جلسوں پر پابندی ہے، انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 2 سال قید اورایک لاکھ جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے وزارت توانائی کو ہدایت کی ہے کہ ضمنی الیکشن کے دوران متعلقہ حلقوں میں بجلی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔