پاکستان کا آئی ایم ایف سے رابطہ، امریکی ڈالر کی قدر میں تنزلی

احتشام مفتی  ہفتہ 13 اکتوبر 2018
اوپن مارکیٹ اور انٹربینک مارکیٹ کے درمیان ڈالر کی قدر کا فرق صرف47 پیسے رہ گیا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

اوپن مارکیٹ اور انٹربینک مارکیٹ کے درمیان ڈالر کی قدر کا فرق صرف47 پیسے رہ گیا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

 کراچی: پاکستان کا آئی ایم ایف سے باضابطہ طور پر رجوع کرنے کے بعد جمعے کو زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں امریکی ڈالر کی قدرکو تنزلی کا سامنا رہا۔

انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 1 روپے 87 پیسے کی کمی سے 131روپے93 پیسے پرآگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر60 پیسے کی کمی سے132 روپے40 پیسے ہوگئی۔ اس طرح سے اوپن مارکیٹ اور انٹربینک مارکیٹ کے درمیان ڈالر کی قدر کا فرق صرف47 پیسے رہ گیا ہے۔

بعض بینکاروں کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کا اپنے روپے کی قدر کے حوالے اعتماد قدر بڑھ گیا ہے ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ کا تسلسل دسمبر تک جاری رہے گا اور توقع ہے کہ دسمبر2018 کے وسط تک آئی ایم ایف سے پاکستان کیلیے قرضوں کی منظوری ہو جائے گی۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر ملک بوستان نے کہا کہ پاکستان کو مالیاتی پیکیجز موصول ہونے کے بیان کے علاوہ پاکستان کا آئی ایم ایف سے باضابطہ رجوع کیے جانے اور ایف آئی اے کی جانب سے غیر قانونی منی چینجرز کے خلاف کریک ڈاؤن کے باعث مارکیٹوں پر مثبت اثرات مرتب ہوئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔