پاک فوج کے جوان مشکل حالات میں بہترین نتائج کا اعزاز رکھتے ہیں، جنرل زبیرمحمود حیات

ویب ڈیسک  ہفتہ 13 اکتوبر 2018
پی ایم اے کا کول اکیڈمی میں138 ویں لانگ کورس پاسنگ آوٹ پریڈ ہوئی فوٹو: فائل

پی ایم اے کا کول اکیڈمی میں138 ویں لانگ کورس پاسنگ آوٹ پریڈ ہوئی فوٹو: فائل

 راولپنڈی: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمود حیات کا کہنا ہے کہ ہمارے سپاہی مشکل حالات میں بہترین نتائج دینےکی حوالے سے جانے جاتے ہیں۔

پاک فوج کے شبعہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پی ایم اے کا کول اکیڈمی میں 138 ویں لانگ کورس پاسنگ آوٹ پریڈ ہوئی۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں سفارتکاروں، کیڈٹس کے رشتے داروں ، حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران نے شرکت کی جب کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے پریڈ کا معائنہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اعزازی شمشیر بٹالین سینئر انڈر آفیسر غلام نبی کو دی گئی، صدارتی گولڈ میڈل سینئر انڈر آفیسر محمد بلال کو دیا گیا جب کہ کمپنی جونیئر انڈر آفیسر حمزہ نواز کو بھی چیف آف آرمی اسٹاف میڈل دیا گیا۔ پاس آؤٹ ہونے والوں میں سعودی عرب، نیپال، سری لنکا، فلسطین اور لیبیا کے کے کیڈٹس بھی شامل ہیں۔

اس موقع پر پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کا کہنا تھا کہ ہمارے سپاہیوں نے ہر مشکل صورتحال میں بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، پاک فوج کے جوان مشکل حالات میں بہترین نتائج دینےکی حوالے سے جانے جاتے ہیں، ایسے غیرمتزلزل سپاہیوں کی کمانڈ لینا آپ کی خوش قسمتی ہے۔



ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔