نیپال میں برفانی طوفان سے 5 کوہ پیما اور 3 گائیڈ ہلاک

ویب ڈیسک  ہفتہ 13 اکتوبر 2018
برفانی طوفان میں کوہ پیماؤں کا بیس کیمپ مکمل طور پر تباہ ہوگیا (فوٹو : فائل)

برفانی طوفان میں کوہ پیماؤں کا بیس کیمپ مکمل طور پر تباہ ہوگیا (فوٹو : فائل)

کھٹمنڈو: نیپال کے برف سے ڈھکے بلند و بالا پہاڑوں میں طوفان کی زد میں آکر 5 کوہ پیما اور 3 گائیڈ ہلاک ہوگئے جب کہ ایک گائیڈ لاپتا ہے اور اس کے بھی ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والے 5 کوہ پیما 4 مقامی گائیڈز کے ہمراہ گُرجا کے پہاڑی سلسلے میں برفانی طوفان میں پھنس گئے۔ برفانی تودے گرنے سے کوہ پیماؤں کا بیس کیمپ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔

ہلاکت خیز طوفان کے باعث پانچوں کوہ پیما اور 3 گائیڈ ہلاک ہوگئے جب کہ ایک گائیڈ لاپتا ہے۔  ہلاک ہونے والوں میں جنوبی کوریا کے کوہ پیما کم چینگ ہو بھی شامل ہیں جو بغیر آکسیجن سلنڈر کے 14 چوٹیاں عبور کرنے کا منفرد ریکارڈ رکھتے ہیں۔

کوہ پیمائی سرگرمی کا انعقاد کرنے والی تنظیم نے کوہ پیماؤں سے رابطہ معطل ہوجانے کے بعد ریڈ الرٹ جاری کیا تھا جس کے بعد ریسکیو ادارے کے ہیلی کاپٹر کو جائے وقوع کی جانب روانہ کیا گیا تھا جو 11 ہزار 4 سو 83 فٹ کی بلندی پر موجود تھا۔

ریسکیو ادارے کے ہیلی کاپٹر سے بیس کیمپ کے نزدیک 8 لاشیں دیکھی گئی ہیں جب کہ 9 ویں شخص کی ہلاکت کا بھی خدشہ ہے۔ خراب موسم کے باعث امدادی کاموں کا آغاز نہیں کیا جاسکا۔ موسم درست ہوجانے پر اتوار کے روز دوبارہ ریسکیو آپریشن کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔