برطانیہ میں طوفان، لینڈنگ کرنے والے طیارے ہوا میں ہی اڑتے رہ گئے

ویب ڈیسک  ہفتہ 13 اکتوبر 2018
طیارے فضا میں ہی چکر لگاتے رہے اور ہوا کا دباؤ کم ہونے کے بعد لینڈنگ کی (فوٹو: فائل)

طیارے فضا میں ہی چکر لگاتے رہے اور ہوا کا دباؤ کم ہونے کے بعد لینڈنگ کی (فوٹو: فائل)

 لندن: برطانیہ میں طوفانی ہواؤں کے باعث برسٹول ایئرپورٹ پر طیارے رن وے کے اوپر ہوا میں ہی جھولتے رہے جس کے بعد پائلٹس کو لینڈنگ منسوخ کرنا پڑی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں سمندری طوفان ’کیلم‘ کی آمد پر تند و تیز ہواؤں نے برسٹول ایئرپورٹ پر لینڈنگ کرنے والے طیاروں کو ہوا میں ہی معلق رکھا۔

طیاروں کے کپتان رن وے پر لینڈنگ کی کوشش کرتے رہے لیکن طوفانی ہواؤں کے باعث طیارے ہوا میں جھولتے رہے اور رن وے پر نہیں اتر سکے جس کی وجہ سے پائلٹس نے لینڈنگ منسوخ کردی۔

لینڈنگ منسوخ کرنے کے بعد پائلٹس 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کا دباؤ کم ہونے کا انتظار کرتے ہوئے طیارے فضاء میں ہی چکر لگاتے رہے اور ہوا کا دباؤ کم ہونے کے بعد بحفاظت لینڈنگ کی۔

واضح رہے کہ برطانیہ کے ساحلی علاقے سے ٹکرانے والے طوفان کیلم کی 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے تباہی مچادی۔ تند و تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش کی وجہ سے بہت سے علاقوں میں جل تھل ایک ہوگیا اور معمولات زندگی متاثر ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔