کپل شرما کا شادی کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک  ہفتہ 13 اکتوبر 2018
اگر اب بھی شادی نہیں کی تو ایک دو سال بعد مجھ سے شادی کے لیے کوئی بھی تیار نہیں ہوگا، کپل شرما (فوٹو: فائل)

اگر اب بھی شادی نہیں کی تو ایک دو سال بعد مجھ سے شادی کے لیے کوئی بھی تیار نہیں ہوگا، کپل شرما (فوٹو: فائل)

 ممبئی: بھارت کے معروف میزبان و اداکار کپل شرما نے دسمبر میں شادی کرنے کا اعلان کردیا۔

بھارت کے مقبول مزاحیہ پروگرام ’دی کپل شرما شو‘ سے شہرت پانے والے کپل شرما نے جہاں کئی ماہ سے اسکرین سے کنارہ کشی رکھنے کے بعد ایک بار پھر واپسی کا فیصلہ کیا ہے وہیں انہوں نے اپنے مداحوں کو جلد ہی شادی کرنے کی بھی خوش خبری دے دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کپل شرما نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ دسمبر میں منگیتر گنی چتراٹ سے شادی کر رہے ہیں جوکہ اُن کے لیے اہمیت کی حامل ہیں، والدہ بھی کافی عرصے سے کہہ رہی ہیں کہ مجھے اب شادی کر لینی چاہیے اور مجھے بھی اچانک ہی احساس ہوا ہے کہ میری عمر بھی کافی ہوگئی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: کپل شرما کا ایک بار پھر سنیل گروور کے ساتھ نئے شو کا اعلان

کپل نے شوخ لہجے میں کہا کہ اگر میں اب بھی شادی نہیں کرتا اور ایک دو سال بعد منگیتر نے مجھے انکار کردیا تو پھر کوئی بھی مجھ سے شادی کرنے کے لیے تیار نہیں ہوگا انہوں نے کہا کہ اب تک شادی کی تاریخ کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا لیکن ارادہ ہے کہ شادی دسمبر میں ہی قرار پائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔