6 مالیاتی اداروں کے سربراہان وایم ڈیز کیلیے درخواستیں طلب

نمائندہ ایکسپریس  بدھ 12 جون 2013
تعیناتی کے خواہشمند افراد 15 دن کے اندر اندر اپنی درخواستیں جمع کراسکتے ہیں، وزارت خزانہ     فوٹو : ایکسپریس

تعیناتی کے خواہشمند افراد 15 دن کے اندر اندر اپنی درخواستیں جمع کراسکتے ہیں، وزارت خزانہ فوٹو : ایکسپریس

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد ایسے مالیاتی ادارے جن کے سربراہان نہیں ہیں یا جن اداروں کے سربراہان اضافی چارج کے طور پر فرائض سرانجام دے رہے ہیں میں نظم و نسق بہتر بنانے کیلیے پروفیشنل، تجربہ کار و اعلی تعلیم یافتہ لوگ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس ضمن میں وزارت خزانہ نے 6 بینکوں و مالیاتی اداروں کے سربراہان و منیجنگ ڈائریکٹرز کی تعیناتی کیلیے ماہر اور تعلیم یافتہ پروفیشنلز سے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ نے چیئرمین ایس ای سی پی و کمشنرز، ایس ایم ای بینک کے صدر، فرست ویمن بینک کی چیئرپرسن وصدر، نیشنل انویسٹمنٹ ٹرسٹ لمیٹڈ (این آئی ٹی ایل) کے منیجنگ ڈائریکٹر، ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کے ایم ڈی اور محکمہ قومی بچت کے ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی کیلیے درخواستیں طلب کی ہیں اور کہا ہے کہ ان عہدوں پر تعیناتی کے خواہشمند افراد 15 دن کے اندر اندر اپنی درخواستیں جمع کراسکتے ہیں۔

مذکورہ اداروں کے سربراہان کو 3 سال کی مدت کیلیے تعینات کیا جائیگا، اس کے علاوہ محکمہ قومی بچت کے ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی کیلئے عمر کی زیادہ سے زیادہ حد 45 سال مقرر کی گئی ہے جبکہ باقی دیگر اداروں کے سربراہان کیلیے عمر کی حد 62 سال مقرر کی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔