مقتول محسن کو قتل کی دھمکیاں مل رہی تھیں، عزیزو اقارب

اسٹاف رپورٹر  بدھ 12 جون 2013
مقتول محسن رضا  / مقتول احمد حسین فوٹو : فائل

مقتول محسن رضا / مقتول احمد حسین فوٹو : فائل

کراچی:  ناظم آباد میں فائرنگ سے ہلاک کیے جانے والے سائٹ ٹائون کے ڈپٹی ٹائون افسر محسن رضا کو کافی عرصے سے قتل کی دھمکیاں مل رہی تھیں۔

اس حوالے سے انھوں نے پولیس میں رپورٹ درج نہیں کرائی، پیر کو وہ اپنے دیرینہ دوست احمد حسین کے ہمراہ نماز کی ادائیگی کے لیے جارہے تھے کہ نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے انھیں ہلاک کردیا، پیر کی دوپہر ناظم آباد3نمبر پر ہمدرد اسپتال کے قریب کار پر نامعلوم ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں سائٹ ٹائون کے ڈپٹی ٹائون افسر محسن رضا اور سائٹ ٹائون کے ہی ریٹائرڈ پرچیز افسر احمد حسین ہلاک ہوگئے تھے، محسن رضا کی رہائش گاہ واقع ملیر میں عزیز و اقارب نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ محسن رضا کو کافی عرصے سے قتل کی دھمکیاں مل رہی تھیں ۔

ملزمان نے انھیں3ماہ کی مہلت دی اور 3 ماہ قبل انھیں کہا کہ وہ اپنے معاملات زندگی کو 3 ماہ کے اندر اندر نمٹالیں ، اس مہلت کے بعد انھیں قتل کردیا جائے گا ، مقتول کے عزیزوں نے ایکسپریس کو مزید بتایا کہ مقتول محسن رضا کو ان کے موبائل فون پر نامعلوم ملزمان نے کبھی ٹیلی فون کرکے دھمکیاں دیں اور کبھی دھمکی آمیز ایس ایم ایس بھیجتے تھے لیکن محسن رضا کبھی بھی خوف کا شکار نہیں ہوئے اور اپنے معمولات زندگی کو بالکل اسی طرح جاری رکھا،مقتول محسن رضا کو پیر کی شب مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔