اپوزیشن کا ایک اور جھٹکا جعلی حکمرانوں کا صفایا کردے گا، فضل الرحمان

ویب ڈیسک  پير 15 اکتوبر 2018
آج متحدہ اپوزیشن سرخرو اور جعلی مینڈیٹ والے حکمران ناکام ہوئے ہیں، سربراہ جے یو آئی (فوٹو: فائل)

آج متحدہ اپوزیشن سرخرو اور جعلی مینڈیٹ والے حکمران ناکام ہوئے ہیں، سربراہ جے یو آئی (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ جس حلقے میں بھی منصفانہ، غیر جانب دارانہ اور آزادانہ انتخابات ہوں گے وہاں سے پی ٹی آئی کا نام و نشان مٹ جائے گا۔

ضمنی انتخابات کے نتائج پر بات کرتے ہوئے متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں متحدہ اپوزیشن کی شاندار فتح اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران خان کو جعلی مینڈیٹ دیا گیا تھا، نتائج کے بعد ثابت ہوا کہ اپوزیشن سرخرو اور جعلی مینڈیٹ والے حکمران ناکام ہوگئے، ریاستی جبر کے باوجود پاکستان کے عوام نے 25 جولائی کی چوری کا بدلہ لینے کا آغاز کردیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جعلی وزیر اعظم میں اگر رتی برابر بھی جرأت ہے تو اپنے وعدوں پر عمل کرتے ہوئے کم از کم 50 فیصد حلقوں کو کھولنے کا اعلان کردیں اور آج بھی اگر صرف 50 فیصد حلقوں کو کھولا جائے تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔

فضل الرحمان نے کہا کہ جہاں اور جس حلقے میں منصفانہ، غیر جانب دارانہ اور آزادانہ انتخابات ہوں گے وہاں سے پی ٹی آئی کا نام و نشان مٹ جائے گا جب کہ اپوزیشن کا ایک اور جھٹکا جعلی حکمرانوں کا صفایا کردے گا۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ کا مزید کا کہنا تھا کہ متحدہ اپوزیشن کو تمام مصلحتوں سے بے نیاز ہو کر ملک کو معاشی اور اقتصادی قتل عام سے بچانا ہوگا، ورنہ جعلی مینڈیٹ والی حکومت معاشی طور پر ملک کو 40 سال پیچھے لے جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔