پہلی بار کسی بھی مداخلت کے بغیر شفاف ضمنی انتخابات ہوئے، وزیر اعظم

ویب ڈیسک  پير 15 اکتوبر 2018
ضمنی انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کے لیے یکساں مواقع موجود تھے، عمران خان (فوٹو: فائل)

ضمنی انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کے لیے یکساں مواقع موجود تھے، عمران خان (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پہلی مرتبہ کسی بھی قسم کی مداخلت کے بغیر مکمل شفاف ضمنی انتخابات ہوئے جس میں حکومت نے کسی بھی قسم کی مداخلت نہیں کی، ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کی شکست کا اندازہ تھا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کی کارکردگی سمیت دیگر امور زیر غور آئے۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ضمنی انتخابات میں بعض نشستوں پر شکست کی وجہ پارٹی کے اندرونی اختلافات تھے جبکہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی پاس داری کرتے ہوئے وزرا نے اپنے پارٹی امیدواروں کی انتخابی مہم میں حصہ لیا اورنہ ہی حکومت نے حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا۔

عمران خان نے کہا کہ وفاقی یا صوبائی حکومتوں نے مداخلت نہیں کی اور پہلی بار مکمل شفاف ضمنی انتخاب کا انعقاد ہوا، عوام کو متحرک کرنے والے رہنما وزارتی امور میں مصروف تھے، ضمنی انتخاب میں شکست کا اندازہ تھا، حکومتی امور میں مصروفیت کی وجہ سے عوام کے ساتھ رابطے میں خلا آیا اور اپوزیشن نے خلا کا فائدہ اٹھایا۔

وزیراعظم نے ہدایت دی کہ پارٹی ترجمان میڈیا پر پارٹی کا بیانیہ موثر انداز میں پیش کریں، پارٹی رہنما بیانیہ عوام تک پہنچانے کے لیے مسلسل میڈیا سے رابطے رکھیں، وفاقی وزراء پارٹی رہنمائوں کے لیے بریفنگ عام فہم الفاظ میں سامنے لائیں اور تمام وزارتیں اپنی کارکردگی ویب سائٹس پر اپ ڈیٹ کریں۔

وزیر اعظم سے چینی وزیر کی ملاقات، چین کی زرعی ترقی کے لیے تعاون کی یقین دہانی

اے پی پی کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے چینی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی ترقی کے وزیر سونگ تاؤ نے ملاقات کی۔ وزیر اعظم عمران خان نے چینی وزیر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی آزمودہ ہے اور پاکستان کے عوام چین سے دوستی کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں، چین کے صدر شی جن پنگ کی طرف سے دونوں ممالک کو آئرن برادرز قرار دینا ناقابل تردید حقیقت کی عکاسی کرتا ہے،چینی صدر ایک عظیم سٹیٹس مین ہیں اورپاکستان کے عوام ان کو بہت سراہتے ہیں۔

وزیر اعظم نے پاکستان تحریک انصاف اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے مابین بڑھتے ہوئے تعلقات کو سراہتے ہوئے وفود کے تبادلوں اور تبادلہ خیال کے ذریعے ان تعلقات کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔

وزیر اعظم نے اپنے آئندہ دورہ چین کے حوالے سے کہا کہ وہ چینی قیادت سے ملاقات کے منتظر ہیں، یہ دورہ دوطرفہ اسٹرٹیجک تعاون اور شراکت داری کی اہمیت کا عکاس ہوگا، پاکستان غربت کے خاتمے، کرپشن کے خلاف جنگ اور زرعی ترقی کے لیے چینی تجربات، مہارت اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کا خواہاں ہے۔

چینی وزیر نے پاک چین تعلقات کے لیے چین کی قیادت اور عوام کی وابستگی کی اہمیت کو اجاگرکیا۔ انھوں نے یقین دلایا کہ چین غربت، کرپشن کے خاتمے اور زرعی ترقی کے لیے بھرپور تعاون کرے گا۔ انھوں نے پاکستان کو تمام علاقائی اور عالمی فورمز پر حمایت کی یقین دہانی بھی کرائی۔

بعد ازاں وزیر اعظم سے وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین اور احمد یار ہراج نے وزیر اعظم آفس میں ملاقات کی۔ وزیراعظم عمران خان سے وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے بھی ملاقات کی۔ وزیر اعظم عمران خان سے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ملاقات کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔