فیصل آباد میں مظاہرین کے گھروں میں گھس کر خواتین پر تشدد کرنے والے 4 پولیس اہلکار معطل

ویب ڈیسک  بدھ 12 جون 2013
پولیس اہلکار عابد ،ذوہیب ، توصیف اور بابر نے گھروں میں گھس کر خواتین اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا ، فوٹو: فائل

پولیس اہلکار عابد ،ذوہیب ، توصیف اور بابر نے گھروں میں گھس کر خواتین اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا ، فوٹو: فائل

فیصل آباد: گزشتہ روزلوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کرنے والے افراد کے گھروں میں گھس کر خواتین کو تشدد کا نشانہ بنانے والے 4 پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔

آر پی او فیصل آباد نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کرنے والے افراد کا تعاقب کرکے ان کے گھروں میں گھس کر خواتین سمیت دیگر اہل خانہ کو تشدد کا نشانہ بنانے والے  چاروں پولیس اہلکاروں عابد ،ذوہیب ، توصیف اور بابر کو معطل کرکے ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کرنے کا بھی حکم دیا ہے، آر پی او فیصل آباد کا کہنا تھا کہ پولیس تشددسے مظاہرین زیادہ مشتعل ہوئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور روڈ پربجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف  مظاہرہ کرنے والے افراد کو منتشر کرنے کے لئے پولیس نے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی تھی جبکہ پولیس اہلکار مظاہرین کا تعاقب کرتے ہوئے بعض گھروں میں بھی داخل ہوگئے تھے جہاں انہوں نے خواتین کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے مظاہرہ کرنے کے الزام میں بعض افراد کو گھروں سے نکال کر حراست میں لے لیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔