تاجروں کونیب سمیت کوئی ادارہ بلاجواز ہراساں نہیں کرے گا، وزیراعظم کی یقین دہانی

ویب ڈیسک  منگل 16 اکتوبر 2018
ڈکلئیر کردہ غیر ملکی اثاثہ جات رکھنے والے پاکستانیوں کو ایف آئی اے تنگ نہیں کرے گا، وزیراعظم،فوٹو: فائل

ڈکلئیر کردہ غیر ملکی اثاثہ جات رکھنے والے پاکستانیوں کو ایف آئی اے تنگ نہیں کرے گا، وزیراعظم،فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے تاجروں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ نیب اور ایف آئی اے سمیت کوئی ادارہ انہیں بلاجواز ہراساں نہیں کرے گا۔

ایکسپریس نیوز کے وزیراعظم عمران خان سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی) کے وفد نے ملاقات کی،اس موقع پر وزیرخزانہ اسد عمر بھی موجود تھے۔

وفد نے وزیراعظم کے سامنے شکایات کے انبار لگاتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے  ٹیکس گوشواروں میں ڈکلئیر شُدہ غیر ملکی اثاثوں کے بارے میں بھی  نوٹس دے رہا ہے جب کہ نیب اور دیگر اداروں کی جانب سے بھی تاجروں،صنعت کاروں اور کاروباری حضرات کو ہراساں کیا جارہا ہے۔

وزیراعظم نے وفد کی شکایات سننے کے بعد انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ  نیب اور ایف آئی اے سمیت کوئی ادارہ تاجروں و صنعتکاروں کو بلا جواز ہراساں نہیں کرے گا جب کہ ڈکلئیر کردہ غیر ملکی اثاثہ جات رکھنے والے پاکستانیوں کو ایف آئی اے تنگ نہیں کرے گا، وزیراعظم نے کہا کہ قومی احتساب بیورو کے لیے قانون سازی کی جارہی ہے۔

یہ پڑھیں: مسلم لیگ (ن) کے بنائے گئے تمام پاور پلانٹس کا آڈٹ کرائیں گے، فواد چوہدری

دریں اثنا میڈیا بریفنگ میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کے لگائے گئے پلانٹس مہنگی بجلی پیدا کررہے ہیں اس لیے تمام پاور پلانٹس کے آڈٹ کا فیصلہ کیا گیا ہے جن میں سے 2 پر کام شروع ہوچکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔