اسکول بیگز کے وزن کو کم کیا جائے، پشاور ہائی کورٹ

ویب ڈیسک  منگل 16 اکتوبر 2018
ایسا فارمولا بنائیں کہ معصوم بچوں کی کتابیں کم سے کم ہوں، جسٹس قیصر رشید فوٹو:فائل

ایسا فارمولا بنائیں کہ معصوم بچوں کی کتابیں کم سے کم ہوں، جسٹس قیصر رشید فوٹو:فائل

پشاور: ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے ہیں کہ بھاری اسکول بستوں سے بچوں کی صحت متاثر ہورہی ہے، ان کے وزن کو کم کیا جائے۔

پشاور ہائیکورٹ میں بھاری اسکول بیگز کے خلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔  سیکرٹریز ہائیر ایجوکیشن، ایلمنٹری اینڈ پرائمری ایجوکیشن، ایم ڈی ریگولیٹری اتھارٹی اور اسکول پرنسپل عدالت میں پیش ہوئے۔

جسٹس قیصر رشید نے کہا کہ ایسا فارمولا بنائیں کہ معصوم بچوں کی کتابیں کم سے کم ہوں،  بھاری اسکول بیگز سے بچوں کی صحت متاثر ہوتی ہے، انہیں کم کرنا ہوگا،
نجی اسکول بچوں کو مہنگے داموں کتابیں دے رہے ہیں، والدین پر یہ بوجھ بنا ہوا ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ تعلیمی بورڈز میں پوزیشن کیلئے اسکولوں کے درمیان دوڑ لگی ہوئی ہے، یہ کیسے ممکن ہے کہ طالب علم 1100 میں سے 1080 نمبر لیتے ہیں؟، اس مسئلے کو اب حل کرنا ہوگا۔

ہائی کورٹ نے آئندہ سماعت پر تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمین طلب کرتے ہوئے حکم دیا کہ صرف کاغذی کارروائی نہیں عملی کام کر کے آئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔