فخر عالم مشن پرواز کا پہلا مرحلہ مکمل کرکے کراچی پہنچ گئے

ویب ڈیسک  منگل 16 اکتوبر 2018
فخر عالم کے جہاز نے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کیا (فوٹو: سوشل میڈیا)

فخر عالم کے جہاز نے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کیا (فوٹو: سوشل میڈیا)

 لاہور: معروف گلوکار فخرعالم ایک انجن والے جہاز کے ذریعے دنیا کے گرد چکر لگانے کے ’مشن پرواز‘ کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد دبئی سے کراچی پہنچ گئے۔

مشن پرواز کے دوران امریکا اور یورپ کی کئی ریاستوں کے فضائی سفر کے بعد فخرعالم کے سنگل انجن جہاز نے دبئی سے کراچی کے ٹرمینل ون پر لینڈ کیا۔ فخرعالم کے استقبال کے لیے گورنر سندھ عمران اسماعیل ٹرمینل ون پر موجود تھے۔ اداکارفیصل قریشی، اداکارہ ژالے سرحدی، ماریہ واسطی اور گلوکار ندیم جعفری سمیت دیگر فنکار بھی ان کے استقبال کے لیے موجود تھے۔

میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ہمیں فخرعالم پر فخر ہے جو پاکستان کی تاریخ کا انوکھا کارنامہ سرانجام دے رہے ہیں، فخر عالم ایک ایسا کام کررہے ہیں جس میں بے شمار خطرات کے باوجود ان کا جذبہ لائق تحسین ہے، فخرعالم دنیا کا فضائی مرحلہ سر کرنے والے پہلے پاکستانی ہوں گے۔

اس موقع پر فخر عالم کا کہنا تھا کہ 10 اکتوبرکو فلوریڈا (امریکا) سے مشن پرواز کا سفرشروع کیا۔ دنیا بھر کے کئی ممالک کا فضائی سفر کرنے کے بعد پاکستان پہنچا تو دل ودماغ پر ایک عجیب جذبہ طاری ہوا، خاص طور پر اس وقت بڑامنفرد تجربہ رہا جب میں نے کراچی ائیرپورٹ پر ائیر ٹریفک کنٹرولر سے نچلی سطح کے فلائی پاسٹ کی اجازت مانگی، ان کی مہربانی کہ مجھے وہ اجازت دے دی گئی۔

گلوکار کا کہنا تھا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی، پاکستان ائیر فورس اور پاکستان آرمی کا تہہ دل سے مشکور ہوں، اس سے قبل دنیا کا چکر لگانے کی مہم پر ایک اور پاکستانی باپ بیٹا، بابر سلیمان اور حارث سلیمان نے بھی کوشش کی تھی جوبدقسمتی سے جہاز پیسفیک میں گرنے کی وجہ سے  مشن مکمل نہیں کرسکے تھے۔

فخرعالم کا مزید کہنا تھا کہ  دنیا کا یہ ہوائی سفر پاکستان کے نام ہے اور میں نے یہ جملہ جہاز کی باڈی پر بھی لکھوایا، میں اپنے امریکی ٹیکنیکل معاونین کرڈ اور جارج کا بھی بے حد مشکورہیں جنھوں نے فضائی سفر میں میری معاونت کی۔

فخرعالم کے مطابق وہ اگلے مرحلے میں اسلام آباد اور بعدازاں لاہور جائیں گے جس کے بعد دنیا کے باقی ماندہ ممالک کے سفر کے لیے اڑان بھریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔