20 سال بعد بھی سمجھ نہیں آیا ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کی کہانی کیا تھی، شاہ رخ خان

ویب ڈیسک  بدھ 17 اکتوبر 2018
 آج تک میں فلم’’کچھ کچھ ہوتاہے‘‘کا اسکرپٹ سمجھ نہیں سکا، شاہ رخ خان فوٹو:فائل

آج تک میں فلم’’کچھ کچھ ہوتاہے‘‘کا اسکرپٹ سمجھ نہیں سکا، شاہ رخ خان فوٹو:فائل

ممبئی: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے اپنے کیریئر کی کامیاب ترین فلم ’’کچھ کچھ ہوتاہے‘‘کی کہانی کو بکواس قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ آج تک سمجھ نہیں آیا فلم کی کہانی کیا تھی۔

فلم ’’کچھ کچھ ہوتاہے‘‘ کی ریلیز کو 20 سال مکمل ہونے کی خوشی میں ممبئی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں فلم کے مرکزی کرداروں شاہ رخ خان، کاجول، رانی مکھرجی اور فلم کے ہدایت کار کرن جوہر سمیت متعدد افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر شاہ رخ خان نے فلم کی کہانی کو بکواس قراردیتے ہوئے کہاکہ ابتدا میں مجھے کرن جوہر نے بہت ہی بکواس کہانی سنائی تھی لیکن میں نے یہ فلم کرن جوہر کی وجہ سے سائن کی، شاہ رخ نے مزید کہا میں فلم کا اسکرپٹ نہیں سنتا بلکہ میں ان لوگوں کے دل کی دھڑکن سنتا ہوں جن کے ساتھ میں کام کرتاہوں، اور یہ بات میں بہت پُر اعتماد ہوکر کہہ سکتاہوں کہ آج تک میں فلم ’’کچھ کچھ ہوتاہے‘‘ کا اسکرپٹ سمجھ نہیں سکا لیکن میں فلمساز کو سمجھتاہوں اورمیری فلم سائن کرنے کی وجہ بھی یہی تھی۔

کنگ خان کا کہنا تھا کہ ابتدا میں کرن فلم کی کہانی لے کر میرے پاس آئے اور مجھے  بہت ہی بکواس کہانی  سنائی جو اس کہانی سے بہت مختلف تھی جسے آپ نے فلم میں دیکھا، اس وقت کرن مجھے اپنی کہانی سے متاثر کرنے کی کوشش کررہے تھے میں کہانی تو نہیں سمجھ سکا لیکن میں نے یہ فلم سائن کرلی اور مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ میں کہانی سمجھ نہیں سکا اگر میں کہانی سمجھ لیتا تو فلم اس طرح نہیں بن پاتی جس طرح آپ نے دیکھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔