ٹیلی کام سیکٹر میں7 سال کے دوران 12 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری

بزنس رپورٹر  جمعرات 13 جون 2013
ملکی 92 فیصد آبادی ٹیلی کمیونی کیشن سہولت سے مستفید ہورہی ہے، اکنامک سروے   فوٹو: فائل

ملکی 92 فیصد آبادی ٹیلی کمیونی کیشن سہولت سے مستفید ہورہی ہے، اکنامک سروے فوٹو: فائل

اسلام آباد: اکنامک سروے 2012-13 کے مطابق گزشتہ 7سال کے دوران ٹیلی کام سیکٹر میں 12 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے اور ملک کی 92فیصد آبادی ٹیلی کمیونی کیشن کی سہولت سے مستفید ہورہی ہے۔

ٹیلی کام سیکٹر اپنے ریونیو کا 30 فیصد ٹیکسوں میں ادا کررہا ہے، پاکستان میں ٹیلی کام سیکٹر میں بنیادی انفراسٹرکچر اور ضروری توسیع سمیت ٹیکنالوجی کے حصول کے لیے سرمایہ کاری کی جاچکی ہے، یہی وجہ ہے کہ اب اس شعبے میں سرمایہ کاری میں کمی کا رجحان ہے گزشتہ مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں کے دوران اس شعبے میں 251 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے، پاکستان میں 2006 سے 2010 کے دوران ٹیلی کام سیکٹر براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کے لیے پرکشش بنا رہا اور اس عرصے کے دوران اس شعبے میں 4 ارب ڈلر کی سرمایہ کاری کی گئی جس اس دوران کی جانے والی مجموعی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا 30 فیصد رہی۔

سال 2013 کے دران ٹیلی کام سیکٹر کی گروتھ چار سال کی کم ترین سطح پر آگئی اور جولائی سے مارچ کے دوران ریونیو 2.92 فیصد اضافے سے 323 ارب روپے رہی اس سے قبل 2012کے دوران ٹیلی کام سیکٹر کے ریونیو میں دو سال کے وقفے کے بعد نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، سال 2010 اور سال 2011 کے دوران ٹیلی کام سیکٹر کے ریونیو کی گروتھ سنگل ڈیجٹ تک محدود رہی تھی اور 2010 میں مجموعی ریونیو میں اضافہ کی شرح 3.1 فیصد اور سال 2011 میں 5.4 فیصد تک محدود رہا تاہم سال 2012 کے دوران مجموعی ریونیو 13 فیصد اضافے سے 411.4 ارب روپے تک پہنچ گیا ۔

سروے رپورٹ کے مطابق ٹیلی کام سیکٹر ٹیکس وصولی کے لیے اہم ذریعہ ہے سال 2012 کے دوران اس شعبے سے ریگولیٹری فیس، ایکٹیویشن چارجز اور دیگر متفرق ٹیکسوں کی مد میں 133 ارب روپے وصول کیے گئے ان ٹیکسوں میں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا شیئر سب سے زیادہ ہے۔ سروے رپورٹ کے مطابق ٹیلی کام سیکٹر پر ٹیکسوں کی بھرمار ہے اور ٹیلی کام کمپنیاں اپنے ریونیو کا 30 فیصد ٹیکسوں کی مد میں ادا کررہی ہیں جن میں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی، ودہولڈنگ ٹیکس، جنرل سیلز ٹیکس شامل ہیں سیلز ٹیکس کی عمومی شرح 16 فیصد ہونے کے باجود ٹیلی کام سیکٹر 19.5 فیصد کی شرح سے ادا کرتی ہے سروے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹیلی کام سیکٹر پر ٹیکسوں کی شرح میں کمی سے اس شعبے کی ترقی کی رفتار تیز کرتے ہوئے معاشی ترقی میں ٹیلی کام سیکٹر کے کردار کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔