ملک کو حکومت سے اچھا تو گدھا چلا سکتا ہے، فاروق ستار

ویب ڈیسک  بدھ 17 اکتوبر 2018
جتنے بڑے دعوے کیے گئے وہ پورے نہیں ہوئے، فاروق ستار۔ فوٹو: فائل

جتنے بڑے دعوے کیے گئے وہ پورے نہیں ہوئے، فاروق ستار۔ فوٹو: فائل

 کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے کہ جتنے بڑے دعوے کیے گئے وہ پورے نہیں ہوئے ملک کو اس سے اچھا تو گدھا  چلا سکتا ہے۔

سٹی کورٹ میں سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار کا کہنا تھا جو جماعت برسر اقتدار ہے اس کا نام ہی انصاف سے منسلک ہے، ایسا لگ رہا ہے پوری قوم کو مہنگائی کے دلدل میں ڈالنے کی کوشش ہو رہی ہے، غریب عوام کی کمر توڑ دی گئی ہے وہ زندہ رہنے کے قابل ہی نہیں رہے، نئی حکومت سے ڈالر کی اڑان قابو میں نہیں آرہی، گیس اور بجلی کے نرخ آسمان سے باتیں کررہے ہیں۔

فاروق ستار نے کہا کہ حکومت اپنی رہی سہی کسر پوری کررہی ہے، اس سے اچھا تو کھوتا ملک کو اچھا چلا سکتا ہے، جتنے بڑے دعوے کیے گئے وہ پورے نہیں ہوئے، لوگ اپنی عزتیں بیچ کر اپنا گزارا کررہے ہیں، تیاری میں یہ حال ہے جب آئی ایم ایف کا پرچہ تھمایا جائے گا تو کیا ہوگا۔

رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ محسوس ہورہا ہے کہ آنے والے وقت میں جرائم میں اضافہ ہوگا، عمران خان سے ہاتھ جوڑ کر اپیل کرتا ہوں ٹیکس چوروں سے ٹیکس لینے کا راستہ نکالیں، وڈیروں اور جاگیرداروں سے ٹیکس وصول کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اب تو جعلی اکاؤنٹس بھی نکل رہیں ہیں،39 لاکھ لوگوں کے نام آئے تھے جن کو ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جاسکتا تھا تاہم حکومت کے پاس کوئی پیکج ہی نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔