پاک، بھارت مقابلہ کبھی غیر اہم نہیں ہوتا، سنیل گاوسکر

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 13 جون 2013
دھونی الیون جیت کی روش قائم رکھنا چاہے گی، ہارنے پر لوگ شک کرنے لگتے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

دھونی الیون جیت کی روش قائم رکھنا چاہے گی، ہارنے پر لوگ شک کرنے لگتے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

نئی دہلی: سابق بھارتی کپتان سنیل گاوسکر کا کہنا ہے کہ بھارت اور پاکستان کا ٹاکرا کبھی بھی غیر اہم نہیں ہوتا، دونوں روایتی ایشین حریف چیمپئنز ٹرافی میں ہفتے کو مدمقابل آئیں گے۔

پاکستان اپنے گروپ کے دونوں ابتدائی میچز ہارنے کے بعد رخت سفر باندھ چکا ہے جبکہ بھارت نے دونوں میچزمیں کامیابی کی بدولت سیمی فائنل میں شرکت کا پروانہ حاصل کرلیا ہے، تاہم اس صورتحال پر گاوسکر نے کہا کہ جب پاکستان اور بھارت آمنے سامنے آتے ہیں تو ’ ڈیڈ ربر‘ جیسی اصطلاحات غیر اہم ہوجاتی ہیں، دونوں ممالک کے کرکٹ شائقین کیلیے مقابلے کا نتیجہ بہت اہم ہوتا ہے، بھارت یقینی طور پر یہ میچ جیت کر اپنا ردھم برقرار رکھنا چاہے گا اگر آپ ہارتے ہیں تو پھر لوگ آپ پر شک کرنا شروع کردیتے ہیں اور بھارت  اس سے بچنا چاہے گا، انھوں نے ویسٹ انڈیز کیخلاف 5وکٹیں لینے والے اسپنر رویندر جڈیجا کی ستائش بھی کی۔

ماضی کے اوپنر نے کہا کہ جڈیجا نے میچ بھارت کے حق میں بنادیا، ایک مرحلہ پر ویسٹ انڈین ٹیم 250 سے زائد کا مجموعہ بناتی ہوئی دکھائی دے رہی تھی اور یہ 300 بھی ہوسکتا تھا لیکن بھارتی اسپنر نے وکٹ سے مدد نہ ملنے کے باوجود عمدہ بولنگ کرتے ہوئے میچ اپنی ٹیم کے حق میں بنادیا، گاوسکر نے دہلی کے اوپنر شیکھردھون کی بھی تعریف کی، ٹیم سے باہر رہنے سے انھیں اپنے کھیل کو بہتر بنانے میں مدد ملی، وہ اچھی فارم میں ہے اور خوش آئند بات یہ ہے کہ انھوں نے اس سے بھرپور استفادہ بھی کیا ۔

انھوں نے مزید کہا کہ بھارت کو اپنی اوپننگ جوڑی کو قائم رکھنا چاہیے، روہت شرما کے بارے میں گاوسکر نے کہا کہ اگر وہ بھارتی ٹیسٹ الیون میں جگہ بنانا چاہتے ہیں تو انھیں اپنی ففٹی کو بڑے اسکور میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے،وہ طویل کرکٹ کے دروازے پر دستک دے رہے ہیں، لیکن اس کیلیے انھیں  بڑی اننگز درکار ہوں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔