اسرائیل کا غزہ میں اسکول پر فضائی حملہ، ایک فلسطینی شہید اور 8 زخمی

ویب ڈیسک  بدھ 17 اکتوبر 2018
راکٹ حملے میں ایک فلسطینی نوجوان شہید اور اسکول کے 6 کم سن بچے زخمی ہوئے۔ فوٹو: رائٹرز

راکٹ حملے میں ایک فلسطینی نوجوان شہید اور اسکول کے 6 کم سن بچے زخمی ہوئے۔ فوٹو: رائٹرز

 غزہ: اسرائیلی طیارے کے غزہ میں رہائشی علاقے اور اسکول پر فضائی حملے میں ایک نوجوان شہید اور اسکول کے 6 طالب علموں سمیت 8 فلسطینی زخمی ہوگئے۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے علی الصبح غزہ کی پٹی پر جنوبی رہائشی علاقے پر راکٹ برسائے جس کی زد میں آکر ایک اسکول بھی تباہ ہوگیا۔ فضائی حملے میں 25 سالہ فلسطینی نوجوان نجی احمد الزنین شہید ہوگئے جب کہ اسکول کے 6 کم سن طالب علموں سمیت 8 فلسطینی زخمی ہوگئے۔

Phalestine Jet 3

فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ آج صبح اسرائیل کے جنگی طیاروں نے غزہ کی پٹی کے جنوب میں رہائشی علاقے پر متعدد راکٹ برسائے جب کہ خان یونس میں بھی ایک راکٹ داغا گیا۔ فضائی حملے کی زد میں آکر کئی گھر اور ایک اسکول تباہ ہوگیا۔

دوسری جانب اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے اپنے شہریوں کی حفاظت میں جوابی حملہ کیا۔ یہ فضائی حملہ فلسطینی علاقے سے اسرائیلی علاقے میں داغے گئے دو راکٹس کے جواب میں کیا گیا۔ غزہ سے دو راکٹس راکٹس بیرشیبا اور تل ابیب کے اسرائیلی آبادی پر داغے گئے۔

Phalestine Jet 2

واضح رہے کہ رواں برس مارچ سے یوم الارض کے موقع پر شروع کی جانے والی مہم سے جدوجہد آزادی فلسطین میں شدت آگئی ہے جب کہ امریکا کی جانب سے یروشلم کو دارالحکومت تسلیم کرنے اور تل ابیب سے سفارت خانے کی یروشلم منتقلی کے بعد کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔