چین میں تین ماہ سے لاپتہ اداکارہ کا سراغ مل گیا

ویب ڈیسک  بدھ 17 اکتوبر 2018
چین کی معروف فلمی اداکارہ عالمی فلم انڈسٹری میں بھی کام کرچکی ہیں۔ فوٹو : فائل

چین کی معروف فلمی اداکارہ عالمی فلم انڈسٹری میں بھی کام کرچکی ہیں۔ فوٹو : فائل

بیجنگ: چین کی سپراسٹار اداکارہ فین بنگ بنگ کو تین ماہ کی پُراسرار گمشدگی کے بعد بیجنگ ایئرپورٹ پر دیکھا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی مقبول فلمی اداکارہ، ماڈل اور عالمی فلم انڈسٹری میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی ہیروئن فین بنگ بنگ کو تین ماہ کی گمشدگی کے بعد بیجنگ ایئرپورٹ پر دیکھا گیا ہے جہاں وہ کیپ اور سیاہ چشمہ لگائے اپنا چہرہ چھپانے کی کوشش کر رہی تھیں۔

China 1

چینی اداکارہ تین ماہ قبل اچانک لاپتہ ہوگئی تھیں۔ تمام تر کوششوں کے بعد جب ان کا سراغ نہیں مل سکا تھا تو ایک حلقے کی جانب سے انہیں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے تحویل میں لیے جانے کے خدشے کا اظہار کیا گیا تھا اور یہ مفروضہ اس وقت تقویت پکڑ گیا جب اداکارہ پر ٹیکس چوری کے الزامات سامنے آنے لگے۔

انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے مائیکل کاسٹر کا کہنا تھا کہ چین لوگوں کو لاپتہ کرنے میں اس حد تک چلا گیا ہے کہ عالمی شہرت یافتہ اداکارہ کو بھی غائب کرنے سے باز نہیں آیا۔ اداکارہ حکومتی تحویل میں ہیں اور اُن سے ٹیکس سے متعلق تفتیش کی جارہی ہے۔

رواں ماہ کے آغاز میں چین کی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ اداکارہ نے اپنی عالمی پرفارمنس کے عوض بھاری معاوضہ لیا تھا۔لیکن ٹیکس ادائیگی سے بچنے کے لیے آمدنی کو کم ظاہر کیا تھا جس پر اداکارہ کو مجموعی طور پر 130 ملین ڈالر جمع کرانے کا حکم دیا گیا۔ جس میں جرمانے کے 88 ملین ڈالر اور ٹیکس کے 42 ملین ڈالر شامل ہیں۔

China 2

بعد ازاں اداکارہ فین بنگ بنگ نے سوشل میڈیا پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر مداحوں سے معذرت کی تھی۔ بیجنگ ایئرپورٹ سے اداکارہ کی منزل مقصود کا بھی علم نہیں ہوسکا تاہم اُن کے امریکا چلے جانے کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔