دہری شہریت پر (ن) لیگ کے 2 سینیٹر نااہل قرار

ویب ڈیسک  بدھ 17 اکتوبر 2018
گورنر پنجاب چوہدری سرور کے دستاویزات کی تاحال تصدیق نہیں ہوسکی، عدالت۔ فوٹو: فائل

گورنر پنجاب چوہدری سرور کے دستاویزات کی تاحال تصدیق نہیں ہوسکی، عدالت۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: سپریم کورٹ نے دہری شہریت کیس میں (ن) لیگ کے 2 سینیٹرز کو نا اہل قرار دیدیا۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 7 رکنی بنچ نے ارکان پارلیمنٹ کی دہری شہریت سے متعلق کیس کی سماعت کی، عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے سینیٹرز سعدیہ عباسی اور ہارون اختر کو ڈی نوٹی فائی کرنے کا حکم دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو خالی نشستوں پر الیکشن کرانے کا حکم دیا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ سعدیہ عباسی اور ہارون اختر چاہیں تو دہری شہریت چھوڑ کر دوبارہ سینیٹ کے انتخابات میں حصہ لے سکتے ہیں، عدالت کے سامنے کئی ارکان نے دہری شہریت کا حصول تسلیم کیا ہے جب کہ شہریت تسلیم کرنے کے بعد متعلقہ ممالک سے تصدیق کی ضرورت نہیں۔

عدالت نے سینیٹر نزہت صادق کے شہریت چھوڑنے کے سرٹیفکیٹ کی تصدیق کرانے کا بھی حکم دیا، اس کے علاوہ عدالت نے کہا کہ گورنر پنجاب چوہدری سرور کے دستاویزات کی تاحال تصدیق نہیں ہو سکی لہذا تصدیقی رپورٹ آنے پر مزید سماعت ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔