روس کے زیرانتظام کریمیا کے کالج میں بم دھماکے سے 18 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  بدھ 17 اکتوبر 2018
ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں اکثریت طلبا کی ہے

ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں اکثریت طلبا کی ہے

روس کے زیر انتظام علاقے جزیرہ نما کریمیا کے کالج میں بم دھماکے سے 18 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔  

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جزیرہ نما کریمیا سے 19 کلومیٹر دور کرچ کے علاقے میں واقع ایک پولی ٹیکنیک کالج کے ڈائننگ ہال میں زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ دھماکے کی نوعیت اور ساخت سے متعلق متضاد اطلاعات ہیں۔

ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا جہاں 4 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے، ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں اکثریت طلبا کی ہے، اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

ابتدائی طور پر خیال کیا جارہا تھا کہ کالج کے کیفے ٹیریا میں ہونے والا دھماکا گیس کی لائن پھٹنے کے باعث ہوا تھا تاہم روس کی سیکیورٹی فورس نے ابتدائی شواہد کی بنیاد پر دعویٰ کیا ہے کہ دھماکا دہشت گردی کا واقعہ تھا۔

Crimea 2

دھماکا کریمیا کے اُس علاقے میں ہوا ہے جہاں ماسکو حکومت نے روس اور جزیرہ نما کریمیا کو ملانے والا پل تعمیر کیا ہے۔ کریمیا 2014 سے روس کے زیرانتظام علاقہ ہے۔

خلافت عثمانیہ کے حصے جزیرہ نما کریمیا پر سب سے پہلے 1783 میں روس نے ہی قبضہ کیا تھا تاہم 1992 میں کریمیا نے نو آزاد مملکت یوکرائن میں شمولیت اختیار کی تھی۔ یوکرائن سے علیحدگی کے بعد آزاد خود مختار ریاست ہونے کا دعویٰ کیا تھا تاہم 2014 سے جزیارہ نما کریمیا روس کے زیر تسلط علاقہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔