برطانیہ ٹیکس نہ دینے والے امیر پاکستانیوں کی معلومات دے گا، معاہدہ طے پاگیا

نوید معراج  جمعرات 18 اکتوبر 2018
چیئرمین ایف بی آر،ڈیفڈکی سربراہ نے ایم اویوپردستخط کیے،معاشی استحکام کیلیے ٹیکس ریونیوبڑھانااہم ہے، ڈیفڈ سربراہ۔ فوٹو : فائل

چیئرمین ایف بی آر،ڈیفڈکی سربراہ نے ایم اویوپردستخط کیے،معاشی استحکام کیلیے ٹیکس ریونیوبڑھانااہم ہے، ڈیفڈ سربراہ۔ فوٹو : فائل

اسلام آباد: پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ٹیکس چوری روکنے اورٹیکس نیٹ سے باہر امیرلوگوں کے بارے میں معلومات کے تبادلے کیلیے مفاہمت کی یادداشت طے پاگئی۔

ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ تقریب میں ایف بی آر اوربرطانوی ٹیکس اتھارٹی ہرمجسٹی ریونیواینڈکسٹمزکے ٹیکس کے شعبہ میں تعاون کے لیے طے پانیوالے ایم اویوپردستخط کیے گئے۔ پاکستان کی طرف سے چیئرمین ایف بی آرجہانزیب خان جبکہ برطانوی ٹیکس اتھارٹیزکی جانب سے ڈیفڈ کی سربراہ جوآنہ ریڈ نے دستخط کیے۔

ایف بی آرکاکہناہے کہ اس ایم اویو کے تحت برطانوی ٹیکس اتھارٹیزسے امیر پاکستانیوں بارے معلومات حاصل کرکے انھیں ٹیکس نیٹ میں لایا جائیگا اوربرطانیہ میں دولت رکھنے والے پاکستانیوں بارے معلومات میسر آئیں گی۔ان معلومات کو پاکستانیوں کی جانب سے اپنے ٹیکس گوشواروں میں ظاہرکردہ اثاثہ جات وآمدنی سے موازنہ کیلیے بھی استعمال کیا جائیگا تاکہ ٹیکس ڈاکیومنٹ میں اگرکسی قسم کی انڈررپورٹنگ کی گئی ہے تواسکا بھی سراغ لگایاجاسکے۔

اسی طرح پاکستان کی جانب سے برطانوی ٹیکس اتھارٹیزکو پاکستان میں مقیم برطانوی باشندوں بارے معلومات کی فراہمی کی جائیگی البتہ دونوں ممالک کی ٹیکس اتھارٹیزان معلومات کوخفیہ رکھیں گے اور صرف متعلقہ اتھارٹی اسے استعمال کریگی اوراس بارے متعلقہ شخص سے رابطہ کرکے انکوائری کی جائیگی ۔ معلومات کوکسی بھی صورت لیک ہونے دیاجائیگانہ غیر متعلقہ لوگوں واداروں کو یہ معلومات فراہم کی جائیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔