پیپلزپارٹی،تحریک انصاف اورایم کیوایم نے قومی اسمبلی میں ساتھ چلنے پراتفاق کیا ہے، خورشید شاہ

ویب ڈیسک  جمعرات 13 جون 2013
جن ایشوز پر ہم آہنگی ہو گی اس میں اکٹھے چلیں گے اور موثر اور ذمہ دار اپوزیشن کا کردار نبھائیں گے، خورشید شاہ فوٹو: فائل

جن ایشوز پر ہم آہنگی ہو گی اس میں اکٹھے چلیں گے اور موثر اور ذمہ دار اپوزیشن کا کردار نبھائیں گے، خورشید شاہ فوٹو: فائل

اسلام آباد: قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی،  تحریک انصاف اور ایم کیو ایم نے قومی اسمبلی میں عوامی مسائل  پر ساتھ چلنے پر اتفاق کیا ہے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کی دعوت پر پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعتوں کی پارلیمانی قیادت کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوامی مسائل پر اپوزیشن تقسیم نہیں ہوگی اور مل کر آواز اٹھائے گی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے درمیان بجٹ سمیت مستقبل میں اہم مسائل پر اکٹھے چلنے پر اتفاق ہوا ہے،اس موقع پر تحریک انصاف کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جن ایشوز پر ہم آہنگی ہو گی اس میں اکٹھے چلیں گے اور قومی اسمبلی میں مؤثر اور ذمہ دار اپوزیشن کا کردار نبھائیں گے۔

اجلاس میں ایم کیو ایم کی نمائندگی قومی اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر رشید گوڈیل نے کی جبکہ تحریک انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی اور شیریں مزاری بھی اجلاس میں شریک تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔