پنجاب میں 16 ہزار لیٹر ملاوٹ شدہ دودھ،2 لاکھ گندے انڈے تلف

آصف محمود  جمعـء 19 اکتوبر 2018
صرف لاہور میں 37 گاڑیوں میں موجود 5 ہزار 751 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف کر دیا گیا، فوٹو: ایکسپریس

صرف لاہور میں 37 گاڑیوں میں موجود 5 ہزار 751 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف کر دیا گیا، فوٹو: ایکسپریس

 لاہور: پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹ مافیا کیخلاف کارروائی میں 6 1ہزار لیٹرملاوٹ شدہ اور کیمیکل سے تیار دودھ ضائع کردیا ہے جبکہ 2 لاکھ سے زائد گندے انڈے بھی تلف کردیئے گئے ہیں۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی طرف سے گندے انڈوں کا نیٹ ورک توڑنے کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے، وزیر خوراک اور ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے 2 لاکھ 10 ہزار گندے انڈوں کی بڑی کھیپ تلف کر دی، گندے انڈوں کی کھیپ گوجرانوالہ کے مضافاتی علاقے میں کولڈ اسٹور میں چھپائی گئی تھی۔

فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق ویجیلنس ونگ نے 6 دن کی ریکی کے بعد گندے انڈوں کا سراغ لگایا، رواں سیزن میں اب تک 30 لاکھ سے زائد گندے انڈے تلف کیے گئے ہیں ، یہ انڈوں کا پاؤڈر تیار کرکے بیکری مصنوعات کی تیاری میں استعمال کیا جاتا تھا۔ گندے انڈے لاہور کے علاقہ لکھوڈئیرڈپنگ ایریا میں تلف کئے گئے، اس موقع پرصوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ان انڈوں کے مستقل خاتمے کے لیے ایک مربوط اور جامع پالیسی لاگو کر دی ہے، اب کوئی بھی ہیچری گندہ انڈہ مارکیٹ میں کسی کو فروخت نہیں کرسکے گی، آئندہ صوبہ بھر میں کوئی بھی کولڈ اسٹور گندہ انڈہ اسٹور نہیں کر سکے گا۔

دوسری طرف ناقص اورکیمیکل سے تیاردودھ کیخلاف کریک ڈاؤن کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع میں 16 ہزارلیٹرغیرمعیاری دودھ تلف کیا گیا ہے ، فوڈاتھارٹی کی ٹیموں نے صبح سویرے لاہور سمیت مختلف شہروں کے داخلی راستوں پرناکے لگاکردودھ لانے والی گاڑیوں کی چیکنگ کی، لاہور میں 37 گاڑیوں میں موجود 5 ہزار 751 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف کر دیا گیا، جبکہ صوبہ بھر میں 229 گاڑیوں میں موجود 15 ہزار 833 لیٹر ناقص دودھ موقع پر تلف کیا گیا، مجموعی طور پر صوبہ بھر میں 1929 گاڑیوں میں موجود 3 لاکھ 13 ہزار لیٹر دودھ کے موقع پر ٹیسٹ کئے گئے، دودھ میں مقدار اور گاڑھا پن بڑھانے والے مضر صحت کیمیکلز، پاؤڈر، یوریا اور پانی کی ملاوٹ پائی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔