پانی کے استعمال میں اضافہ اور ذخائر میں کمی ہورہی ہے، صدرمملکت

ویب ڈیسک  جمعـء 19 اکتوبر 2018
ڈیمز فنڈز میں 6 ارب روپے جمع ہوچکے ہیں، عارف علوی۔ فوٹو:فائل

ڈیمز فنڈز میں 6 ارب روپے جمع ہوچکے ہیں، عارف علوی۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں وقت کے ساتھ ساتھ پانی کے استعمال میں اضافہ اور ذخائر میں کمی ہورہی ہے جس کے لئے بہتراقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

سپریم کورٹ میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صدرمملکت عارف کا کہنا تھا کہ اللہ نے پاکستان کو بہترین آبی وسائل سے مالا مال کیا لیکن قیامِ پاکستان سے لے کر اب تک تربیلا اور منگلا ڈیم ہی بنائے گئے جس کی وجہ سے وقت کے ساتھ پانی کے استعمال میں اضافہ ہوتا رہا اور ذخائرمیں کمی ہورہی ہے۔

صدرمملکت نے کہا کہ پانی کو محفوظ اور ذخیرہ کرنا بنیادی مسئلہ ہے، ملک میں صرف 30 دن کا پانی ذخیرہ کرنے کی گجائش موجود ہے،  تھر میں پانی کی کمی کے  باعث بچوں کی اموات واقع ہورہی ہیں، آبی وسائل بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے بھی پانی کے مسئلےکو حل کرنا ہوگا۔

عارف علوی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پانی کے حساس مسئلے کو اجاگر کیا، جب کہ عوام کو بھی اس حوالے سے آگاہی دی گئی اور 14 اکتوبر تک ڈیمز فنڈز میں 6 ارب روپے جمع ہوچکے ہیں، آبی وسائل  بنانا وقت کی اہم ضرورت اور پانی کے ذخیرے کے لئے بڑے ذخائر کی تعمیر ناگزیر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔