امید ہے قطر پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرنے کے معاہدے پر جلد عمل کرے گا، وزیر اعظم

ویب ڈیسک  جمعـء 19 اکتوبر 2018

 اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ امید ہے قطر جلد ایک لاکھ پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرنے معاہدے پر عمل درآمد کرے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے قطری وزیر خارجہ عبدالرحمان ثانی نے ملاقات کی اور انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی۔ ملاقات کے دوران قطری وزیر خارجہ عبد الرحمان الثانی نے کہا کہ قطر پاکستان کی نئی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے اور امیر قطر دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں، پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ قطر پاکستان میں زراعت، لائیو اسٹاک اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرسکتا ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ ہوگا کیوں کہ یہ دونوں ممالک کے عوام کے مفاد میں ہیں، ہمیں امید ہے کہ قطر ایک لاکھ پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرنے کے معاہدے پر جلد عمل در آمد کرے گا۔

یہ پڑھیں: منی لانڈرنگ روک لیں تو معاشی مسائل پر قابو پا لیں گے، وزیراعظم

دریں اثنا دفترخارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے قطری نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے دفتر خارجہ میں ملاقات کی۔ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعاون و تجارت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان  دو طرفہ تعاون و تجارت پر تبادلہ خیال کیا گیا :فوٹو: دفترخارجہ

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت میں اضافے پر زور دیتے ہوئے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان میں زرعی، لائیو اسٹاک، توانائی اور ریفائنری کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ قطر کی جانب سے ایک لاکھ پاکستانیوں کو نوکری دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

اس موقع پر قطری وزیر خارجہ نے پاکستانی ہم منصب کو انتخابات میں کامیابی پر امیرِقطر کا مبارکباد کا پیغام پہنچایا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔