داسو پاور پروجیکٹ؛ انفرا اسٹرکچر اور کالونی کیلیے چین سے 4 ارب 90 کروڑ کا معاہدہ

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 20 اکتوبر 2018
پانی سپلائی، سڑکوں، باؤنڈری وال اور سیکیورٹی ٹاورز کی تعمیر 2 سال میں مکمل کی جائے گی، پروجیکٹ سے سالانہ 21ارب یونٹ ملیں گے. فوٹو: فائل

پانی سپلائی، سڑکوں، باؤنڈری وال اور سیکیورٹی ٹاورز کی تعمیر 2 سال میں مکمل کی جائے گی، پروجیکٹ سے سالانہ 21ارب یونٹ ملیں گے. فوٹو: فائل

 لاہور:  واپڈا نے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلیے پراجیکٹ کالونی اور انفراسٹرکچر کی تعمیر کے حوالے سے کنٹریکٹ ایوارڈ کر دیا۔

کنٹریکٹ چینی کمپنی چائنا گانسو انٹرنیشنل کارپوریشن China Gansu International Corporation for Economic and Technical Cooperation) (سی جی آئی سی اوپی) کو ایوارڈ کیا گیا جس کی مالیت 4ارب 90کروڑ روپے ہے۔

واپڈا کے جنرل منیجر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر داسو ہائیڈرو پاور جاوید اختر اور سی جی آئی سی او پی کے پرنسپل آفیسر گوان وی (Guan Wei) نے معاہدے پر دستخط کیے جہاں انتظامیہ، پراجیکٹ کنسلٹنٹس اور سی جی آئی سی او پی کے نمائندے بھی موجود تھے۔

کنٹریکٹ کے تحت پراجیکٹ کالونی اور انفراسٹرکچر کی تعمیر میں سڑکوں کا نیٹ ورک، پانی کی سپلائی، باؤنڈری وال اور سیکیورٹی ٹاورز کی تعمیر شامل ہے، کنٹریکٹ کی تکمیل کا دورانیہ تقریباً 2 سال ہے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ 2 مراحل میں تعمیر کیا جائیگا، پہلے مرحلے کی تعمیر کیلیے عالمی بینک جزوی فنڈز فراہم کر رہا ہے، پہلا مرحلہ تقریباً 5سال کی مدت میں مکمل ہو گا اور اسکی تکمیل پر نیشنل گرڈ کو ہر سال 12ارب یونٹ سے زائد سستی پن بجلی مہیا ہو گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔