بجٹ میں لگائے گئے ٹیکسز سے مہنگائی بڑھے گی، سیاسی رہنما

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 14 جون 2013
اشیائے خورونوش مہنگی ہوجائینگی،برجیس احمد،حکمراں وعدے بھول گئے،مفتی نعیم،بجٹ حکومت کا عوام کو تھپڑ ہے،اشرف قریشی فوٹو: فائل

اشیائے خورونوش مہنگی ہوجائینگی،برجیس احمد،حکمراں وعدے بھول گئے،مفتی نعیم،بجٹ حکومت کا عوام کو تھپڑ ہے،اشرف قریشی فوٹو: فائل

کراچی: جماعت اسلامی کراچی کے قائم مقام امیر برجیس احمد نے نئی حکومت کے پہلے بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ سے ملک کے عام آدمی کو شدید مایوسی ہوئی ہے اس سے عوام کی مشکلات دور ہونے کے بجائے ان میں اضافہ ہوگا کیونکہ چینی، تیل،گھی،دودھ اور دیگر اشیائے صرف پر لگائے جانے والے ٹیکسوں اور جنرل سیلز ٹیکس میں اضافے سے مہنگائی بڑھے گی۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی براہ راست اور بری طرح متاثر ہوگا،نجی تعلیمی اداروں پر ٹیکس سے تعلیم مزید مہنگی ہوگی، موجودہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کر کے حکومت نے زیادتی کی ہے ، دریں اثناجامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے بجٹ میںعام آدمی کونظر انداز کرکے مزید مہنگائی کی طرف دھکیل کرعوام کی توقعات پر پانی پھیر دیا، سیلز ٹیکس میں اضافہ عام آدمی کو ریلیف دینے کی بجائے نوالہ چھیننے کی کوشش ہے، جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی نعیم نے کہاکہ کرسی پر بیٹھنے کے بعد حکمران یکسر اپنے وعدے بھول گئے،انتخابات سے قبل حکومت نے مہنگائی ، بیروزگاری، غربت اورلوڈشیڈنگ کے خاتمے کے بلندآہنگ وعدے کیے تھے۔

علاوہ ازیںجماعۃ السنہ پاکستان کے مرکزی ناظم سید اشرف قریشی نے کہا ہے کہ نو منتخب  حکومت کے پیش کردہ بجٹ نے عوامی امنگوں اور توقعات پر پانی پھیردیا ہے، حکومت نے حسن ظن کی کوئی گنجائش نہیںچھوڑی عوام کو ریلیف دینے کے بجائے عوام کی مشکلات میں ظالمانہ اضافہ افسوس ناک ہے ثابت ہوگیا کہ طاقتور حکومت کا عوام پر تھپڑ بھی طاقتور ہوتا ہے بجٹ (ن) لیگ کے منشور سے مطابقت نہیں رکھتا،دریں اثنا مسلم لیگ ق سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ حکمرانوں کا  ہنی  مون پیریڈ ختم ہوچکا ہے ڈرون حملے تو نہ رک سکے مگر پوری قوم پر مہنگائی کا ڈرون گرادیا گیا، مزدور کی تنخواہ 18ہزارکا وعدہ کرنے والوں نے سرکاری ملازمین کے خواب کچل دیے ہیں۔

ماسٹرز نوجوانوں کے لیے وظیفے کا اعلان کرکے انھیں مستحقین میں شامل کردیا گیا ہے،لیپ ٹاپ اورآشیانہ اسکیم ایک سراب ہے فریضہ حج کو مہنگا کردیا گیا،ملٹی نیشنل کمپنیز کو ٹیکس پر چھوٹ دی گئی جبکہ عام کاروباری مڈل کلاس طبقے کو ٹیکسوں کے پہاڑ تلے دبادیا گیا، پریس کلب میں پریس کانفرنس میں حلیم عادل شیخ نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ کا نام بدلنا چھوٹے ذہن کی عکاسی ہے حکومت نے کوئی نیا منصوبہ پیش نہیں کیا گیا پرانے منصوبوں کے نام تبدیل کردیے گئے ہیں۔

علاوہ ازیں آل پاکستان ٹریڈ یونینز آرگنائزیشن  کے مرکزی چیئر مین حبیب الدین جنیدی اور پیپلز ورکرز یونین کے سیکریٹری جنرل عبدالطیف مغل نے وفاقی بجٹ کو انتہائی مایوس کن قرار دیتے ہوئے اسے طبقہ اشرافیہ کا بجٹ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری و نیم سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے اور اس اضافے کو  پرائیویٹ سیکٹر کے ملازمین کیلیے بھی ممکن بنایا جائے،مزدوروں کی بنیادی تنخواہ میں اضافہ نہ کرکے انھیں فاقہ کشی پر مجبور کردیا گیا ہے، مزدور کسان اور ملازمت پیشہ افراد کے مسائل کے حل کیلیے اقدام نہیں اٹھایا گیا،جنرل سیلز ٹیکس کی شرح میں اضافے سے مہنگائی میں اضافہ ہوجائے گا ،بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنا تنگ نظری ہے،رہنمائوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بجٹ تجاویز پر نظر ثانی کی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔