بوڑھے سے شادی کرانے پر مریم فرار ہوکر شیلٹر ہوم پہنچ گئی

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 14 جون 2013
بچی کی پہلی شادی 35 سالہ شخص سے ہوئی،سسرالیوں کے لالچ اور ظلم سے طلاق ہوگئی فائل فوٹو

بچی کی پہلی شادی 35 سالہ شخص سے ہوئی،سسرالیوں کے لالچ اور ظلم سے طلاق ہوگئی فائل فوٹو

کراچی: کوئٹہ کی 12سالہ معصوم مریم زبردستی80 سالہ بوڑھے شخص سے شادی کرانے کے خوف پر گھر سے فرار ہوکر کراچی کے صارم برنی شیلٹر ہوم پہنچ گئی۔

مریم خان کی4 بہنیں اور دو بھائی ہیں اور وہ مڈل تک تعلیم یافتہ ہے،اس کے باپ نے بیٹیوں میں سب سے پہلے مریم کی شادی زبردستی35 سالہ شخص سے کرادی جو پہلے ہی ایک عورت کے عشق میں مبتلا تھا،وہاں سسرالی مریم پر تشدد کرتے اور رقم کی فرمائش کرتے تھے ،فرمائش پوری نہ ہونے پر سسرالیوں نے مریم کی ٹانگ میں لوہے کا بڑا بکسوا ڈال دیا مریم تکلیف سے چیختی اور چلاتی رہی پر فریاد سننے والا کوئی نہ تھا،ایک دن مریم کی ماں اس سے ملنے آئی تو سسرالیوں نے کہا کہ مریم پر جنات کا اثر ہے اس لیے پائوں میں بکسوا ڈالا ہے،موقع ملتے ہی تنہائی میں مریم نے ماں کو بتادیا جس پر ماں اسے گھر لے گئی اور بمشکل طلاق دلوائی ماں سے بیٹی کا دکھ نہ دیکھا گیا اور وہ دل کا دورہ پڑنے سے چل بسی،ماں کی تدفین کے بعد چچا اور پھوپھی نے والد کی منگنی کسی دوسری لڑکی کے ساتھ کرادی۔

مریم کا کہنا ہے کہ اپنے باپ کی اس حرکت پر ہمیں بہت دکھ ہوا جبکہ میرا باپ اپنی بہن اور بھائیوں کے کہنے پر پیسوں کی لالچ میں دوبارہ میری شادی 80 سالہ بوڑھے سے کرانا چاہتا تھا،آخرکار میری بہن نے گھر  سے فرار کروانے میں مدد کی جب میں کوئٹہ سے کراچی آرہی تھی تو اس دوران کوچ میں ایک افغان میاں بیوی سے بات چیت ہوئی میں سہارے کی تلاش میں ان کے گھر چلی گئی لیکن افغان شخص کی نیت میرے لیے خراب ہوگئی جس پر میں وہاں سے موقع دیکھ کر فرار ہوکر پی ٹی وی کراچی سینٹر پہنچ گئی میرا خیال تھا کہ میں پشتو گلوکارہ بن سکتی ہوں لیکن ٹی وی سینٹر کی انتظامیہ نے اس کی داستان سننے کے بعد صارم برنی ویلفیئر ٹرسٹ سے رابط کرکے مجھے صارم برنی شیلٹر ہوم منتقل کردیا، مریم کا کہنا تھا کہ اسے گھر والے بہت یاد آتے ہیں اور میں ان کی یاد میں روتی ہوں مجھے یہاں 2 سال ہوگئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔