شام میں داعش نے تاوان کی ادائیگی پر 6 مغویوں کو رہا کردیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 20 اکتوبر 2018
داعش نے رواں برس جولائی میں ایک علاقے پر حملہ کرکے 27 افراد کو یرغمال بنالیا تھا۔ فوٹو : فائل

داعش نے رواں برس جولائی میں ایک علاقے پر حملہ کرکے 27 افراد کو یرغمال بنالیا تھا۔ فوٹو : فائل

دمشق: شام میں داعش جنگجوؤں نے اقلیتی گروہ دروز کے 27 پیروکاروں میں سے 6 کو رہا کردیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق شام میں داعش شدت پسندوں نے گزشتہ شب 27 مغویوں میں سے دو خواتین اور 4 بچوں کو رہا کردیا ہے۔ اغواء شدگان اقلیتی گروہ دروز سے تعلق رکھتے تھے جنہیں داعش نے رواں برس جولائی میں سویدہ صوبے میں حملے کے دوران اغواء کیا تھا۔

اقوام متحدہ کے مبصرین انسانی حقوق برائے شام کے گروپ سربراہ نے میڈیا کو بتایا کہ داعش جنگجوؤں نے ان افراد کو قیدیوں کے تبادلے اور تاوان کی ادائیگی کے بعد رہا کیا ہے جب کہ دوسرے مرحلے میں مزید افراد کو جلد ہی رہا کردیا جائے گا۔

آبزرویٹری سربراہ عبدالرحمان کا مزید کہنا تھا کہ مغویوں کی رہائی کے لیے 60 داعش قیدیوں کو آزاد کیا گیا ہے جب کہ ایک ملین فی مغوی کے حساب سے 27 ملین ڈالر تاوان کی ادائیگی کی گئی ہے۔ داعش سے مذاکرات میں مقامی قبائلی قیادت اور معززین نے تعاون کیا۔

واضح رہے کہ شام میں داعش سربراہ ابوبکر البغدادی نے اپنی خلافت کے قیام کا اعلان کرکے حکومت کے خلاف علم بغاوت بلند کیا تھا تاہم شام اور اتحادی افواج نے طویل جنگ کے بعد 90 فیصد سے زائد علاقے سے داعش کا خاتمہ کردیا ہے تاہم اب بھی کچھ علاقوں میں داعش کا تسلط برقرار ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔