سوئی ناردرن نے دس سالہ بچے پر گیس چوری کا مقدمہ درج کرادیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 20 اکتوبر 2018
چوتھی جماعت کا طالبعلم اسد خان ضمانت کے لیے عدالت پہنچ گیا فوٹو:فائل

چوتھی جماعت کا طالبعلم اسد خان ضمانت کے لیے عدالت پہنچ گیا فوٹو:فائل

پشاور: سوئی ناردرن گیس نے بچے کے خلاف گیس چوری کا مقدمہ درج کرادیا۔

پشاور کے علاقے سربند میں سوئی گیس حکام نے گیس چوری کے خلاف کارروائی کی۔ محکمے کے حکام نے غیر قانونی گیس کنکشن کے الزام میں ایک مکان پر چھاپا مارا۔ انہیں جب وہاں کوئی بڑی عمر کا شخص نہیں ملا تو بلا سوچے سمجھے بچے پر گیس چوری کا مقدمہ درج کروادیا۔

ایف آئی آر میں نامزد اسد کی عمر دس سال ہے جو نجی اسکول میں چوتھی جماعت کا طالبعلم ہے۔ بچہ اسد خان ضمانت کے لیے عدالت پہنچ گیا تاہم عدالت نے درخواست ضمانت کی سماعت کے لیے آئندہ تاریخ مقرر کر دی۔

بچے کے والد نے بتایا کہ میرے بیٹے کو جھوٹی ایف آئی ار میں نامزد کیا گیا ہے، ہمارے پاس گیس کا ڈیمانڈ نوٹ موجود ہے، میں کام کاج کے سلسلے میں بنوں میں تھا کہ پیچھے یہ واقعہ پیش آیا۔ پولیس نے کہا ہے کہ بچے کی عمر کا پتا چلنے پر اس کی گرفتاری موخر کردی گئی ہے اور معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔