آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم:2 مرحلوں میں 200رہائشی کالونیاں تعمیر ہونگی

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 14 جون 2013
سندھ کے 5اضلاع میں 10رہائشی کالونیاں تعمیرہوں گی،کام کا آغاز جولائی میں کیا جائیگا فوٹو :فائل

سندھ کے 5اضلاع میں 10رہائشی کالونیاں تعمیرہوں گی،کام کا آغاز جولائی میں کیا جائیگا فوٹو :فائل

کراچی: وفاقی حکومت آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کے تحت فوری طور پردومرحلوں میں ملک کے مختلف اضلاع میں 200رہائشی کالونیاں تعمیر کرے گی ۔

اس اسکیم کے تحت سندھ کے 5اضلاع میں 10رہائشی کالونیاں تعمیر ہونگی۔ ہر رہائشی کالونی میں پہلے مرحلے میں 200,200 گھر اور دوسرے مرحلے میں 300,300مزید گھر تعمیر کیے جائیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزارت ہاؤسنگ آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کے پہلے مرحلے کے تحت سندھ کے5،پنجاب کے 10، بلوچستان کے 8اور خیبرپختونخوا کے 7اضلاع میں رہائشی کالونیاں تعمیرکی جائیں گی۔

سندھ میں کراچی، حیدر آباد، سکھر، لاڑکانہ اورمیرپورخاص میں آئندہ 6ماہ میں ایک ایک رہائشی کالونی فوری طورپرتعمیرکی جائے گی۔ہررہائشی کالونی میں ابتدائی طور پر 200گھر تعمیر کیے جائینگے ۔یہ گھر 2 کمروں، ایک صحن اوردیگر سہولتوں سے آراستہ ہوں گے ۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ پہلے 3 ماہ میں 30رہائشی کالونیوں کی تعمیرکے بعد دوسرے مرحلے میں مزید 170رہائشی کالونیاں مختلف اضلاع میں تعمیرکی جائیں گی اس پروجیکٹ پرکام کاآغازجولائی میں کیاجائے گا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔