وفاقی ملازمین کوطبی سہولتوں کیلیے ہیلتھ انشورنس اسکیم

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 14 جون 2013
گریڈ17 تا 22کیلیے سہولت5لاکھ روپے ہوگی،300سے2000روپے کٹوتی ہوگی. فوٹو: فائل

گریڈ17 تا 22کیلیے سہولت5لاکھ روپے ہوگی،300سے2000روپے کٹوتی ہوگی. فوٹو: فائل

کراچی: وفاقی حکومت نے اپنے ماتحت سرکاری ملازمین کو طبی سہولتوں کی فراہمی کے لیے ہیلتھ انشورنس اسکیم متعارف کرانے کا فیصلہ کیاہے۔

اسکیم کے تحت گریڈ ایک سے 22تک کے سرکاری ملازمین وافسران کو انشورنس پالیسی کے تحت پرائیویٹ اسپتالوں میں طبی سہولتیں فراہم کی جائیںگی۔ ذرائع نے بتایاکہ وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت پر وزارت خزانہ اور کیبنٹ ڈویژن نے ہیلتھ انشورنس اسکیم کی تیاری پرکام شروع کردیا ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ اس اسکیم کے تحت قوانین کے مطابق وفاقی حکومت انشورنس کمپنی کے ذریعے اپنے ماتحت تمام سرکاری ملازمین وافسران کو ہیلتھ انشورنس اسکیم کے دائرہ کار میںلائے گی۔ اس اسکیم کے تحت ملازمین کے اہلخانہ (اہلیہ، بچوں، والدین) کو 50ہزار سے 5لاکھ روپے تک کی طبی سہولیات حاصل ہوںگی۔

ذرائع نے مزید بتایاکہ ہیلتھ انشورنش اسکیم کے کارڈ متعلقہ کمپنی سے معاہدے کے بعد نادرا تیارکرے گی۔ انشورنس اسکیم کے لیے وفاقی حکومت 50کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ فراہم کرے گی۔ گریڈاور پے اسکیل کے مطابق گریڈایک سے گریڈ16تک ملازمین کو 3لاکھ اور گریڈ17سے 22تک کے ملازمین کو 5لاکھ روپے تک ہیلتھ انشورنس اسکیم کے تحت طبی سہولیات نجی اسپتالوں میں فراہم کی جائیںگی اور حادثے یا بڑی بیماری کی صورت میں چھوٹے ملازمین کو 5لاکھ روپے تک کی طبی سہولیات مہیاکی جاسکیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔