حکومت نے ترقی یافتہ معیشت کو بھیک کا کشکول بنا دیا ہے، ترجمان (ن) لیگ

ویب ڈیسک  ہفتہ 20 اکتوبر 2018
عمران صاحب کے بیان سے سیاسی انتقام کی بو آرہی ہے، مریم اورنگزیب۔  فوٹو:فائل

عمران صاحب کے بیان سے سیاسی انتقام کی بو آرہی ہے، مریم اورنگزیب۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت نے صرف  61  دنوں میں ایک ترقی یافتہ معیشت کو بھیک کا کشکول بنا دیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے (ن) لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب کے بیان سے سیاسی انتقام کی بو آرہی ہے، ان کے پاس صرف اُمید کے خواب ہیں اور صرف اُمید کوئی حکمتِ عملی نہیں ہوتی، وزیراعظم پریس کانفرنس کر کے عوام سے معافی مانگیں اور بتائیں کہ  آپ نے محض نعرے لگائے تھے کوئی تیاری نہیں کی تھی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سیاسی بیورو کریسی اور پولیس کام خراب کر رہی ہے

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس کسی بھی کئے ہوئے وعدے کی حکمتِ عملی نہیں، صرف الزامات لگانے، جھوٹ بولنے اور تماشہ کرنے میں مہارت ہے،  صرف  61 دن میں موجودہ حکومت نے ترقی یافتہ معیشت کو بھیک کا کشکول بنا دیا ہے، ان کی کل کارکردگی ، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں تاریخی مہنگائی، عوام کے منہ سے نوالا چھیننا، عوام کے گھروں میں ڈاکہ مارنا ، لوگوں کے روزگار کا قتلِ عام اور صرف رونا ہے، عمران خان وزیراعظم کی کرسی کی جگہ کنٹینر رکھوا لیں تو شاید ان کی  کارکردگی بہتر ہو جائے۔

ترجمان (ن) لیگ نے کہا کہ عمران خان اب وزیراعظم بن چکے ہیں، اب وہ اپنے وعدے کے مطابق چوروں کو پکڑیں صرف چور چور اور ڈاکو ڈاکو کا شور نہ مچائیں،  ہم آپ کو عوام کے گھروں میں اتنی آسانی سے ڈاکہ نہیں  ڈالنے دیں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔