کراچی کے حلقے این اے 247 اور پی ایس 111 سے تحریک انصاف کامیاب

ویب ڈیسک  اتوار 21 اکتوبر 2018
این اے 247 سے آفتاب حسین صدیقی اورپی ایس 111 سے شہزاد قریشی کامیاب قرارپائے

این اے 247 سے آفتاب حسین صدیقی اورپی ایس 111 سے شہزاد قریشی کامیاب قرارپائے

کراچی: شہر قائد کے حلقے این اے 247 اور پی ایس 111 سے تحریک انصاف کے امیدوار کامیاب قرار پائے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر قائد میں قومی اسمبلی کی نشست  این اے 247 اور سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 111 پر ضمنی انتخاب ہوا جس میں تحریک انصاف کے آفتاب حسین صدیقی اور شہزاد قریشی نے میدان مارلیا۔

این اے 247 کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی اورغیرسرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے آفتاب حسین صدیقی 32326 ووٹ لے کامیاب قرار پائے  ہیں جب کہ ایم کیو ایم کے صادق افتخار 13985 ووٹ لے کر دوسرے نمبرپر رہے۔

پی ایس 111 کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی اورغیرسرکاری  نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار شہزاد قریشی نے کامیابی حاصل کرلی، ان کے مدمقابل ایم کیو ایم کے امیدوار جہانزیب مغل اور پیپلز پارٹی کے امیدوار فیاض پیرزادہ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

عام انتخابات میں یہ دونوں نشستیں تحریک انصاف نے جیتی تھیں۔ این اے 247 سے پی ٹی آئی کے عارف علوی جب کہ پی ایس 111 سے عمران اسماعیل کامیاب ہوئے تھے۔ یہ نشستیں عارف علوی کے صدرمملکت منتخب ہونے جب کہ عمران اسماعیل کے گورنر سندھ مقرر ہونے کے باعث خالی ہوئی تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔