پاکستانی شیفس کے احتجاج پر بھارتی شیفس کا جواب ورلڈ شیف کو جمع

نمائندہ ایکسپریس  اتوار 21 اکتوبر 2018
اپنی حکومت کی ہدایت پر دعوت نامے منسوخ کیے تھے، بھارتی فیڈریشن کا جواب۔ فوٹو: فائل

اپنی حکومت کی ہدایت پر دعوت نامے منسوخ کیے تھے، بھارتی فیڈریشن کا جواب۔ فوٹو: فائل

لاہور: شیف ایسوسی ایشن پاکستان کے احتجاج پر فیڈریشن آف شیف ایسوسی ایشنزانڈیا نے اپنا جواب ورلڈشیف ایسوسی ایشن کوجمع کرادیا ہے جس میں میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت کے دباؤپر ورلڈفوڈفیسٹول میں شرکت کے لیے پاکستان شیف ایسوسی ایشن کے دعوت نامے منسوخ کیے تھے۔

شیف ایسوسی ایشن پاکستان کے سیکریٹری جنرل احمد شفیق نے بتایا کہ بھارت میں رواں ماہ 12 سے 14 اکتوبرتک ورلڈفوڈفیسٹول کا انعقادکیا گیا جس میں شرکت کیلیے شیف ایسوسی ایشن کودعوت نامہ بھیجا گیا تھا لیکن جب انہوں نے ویزوں کے لیے اپلائی کیا تومعلوم ہواکہ انڈین فیڈریشن نے ان کے دعوت نامے منسوخ کردیے ہیں، اس پر انہوں نے ورلڈشیفس ایسوسی ایشن کو احتجاجی مراسلہ لکھا تھا جس پر ورلڈ شیفس ایسوسی ایشن نے بھارتی فیڈریشن آف شیف ایسوسی ایشن سے جواب طلبی کی تھی۔

بھارتی فیڈریشن نے اپنے جواب میں لکھا ہے کہ انہوں نے اپنی حکومت کی ہدایت پر دعوت نامے منسوخ کیے تھے انہیں کہا گیا تھا کہ اگردعوت نامے منسوخ نہ کیے گئے توپاکستانی وفدکوویزے جاری نہیں ہوں گے کیونکہ اس وقت دونوں ہمسایہ ملکوں میں کشیدہ حالات چل رہے ہیں۔

احمدشفیق نے بتایا کہ وہ بھارتی جواب سے مطمئن نہیں ہیں کیونکہ ایسوسی ایشن کے اغراض ومقاصدمیں یہ بات شامل ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی مذہبی، ملکی اور نسلی امتیازات سے بالاتر ہو کر کام کرے گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔