افغانستان میں انتخابات کے دوسرے روز بھی دھماکوں میں 12 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  اتوار 21 اکتوبر 2018
امن وامان کی خراب صورتحال کے باعث قندھار اور غزنی میں انتخابات ملتوی کیے جا چکے ہیں فوٹو : فائل

امن وامان کی خراب صورتحال کے باعث قندھار اور غزنی میں انتخابات ملتوی کیے جا چکے ہیں فوٹو : فائل

کابل: افغانستان میں پارلیمانی اور کونسل انتخابات کیلئے آج پولنگ کے دوسرے روز دھماکوں اور فائرنگ کے مختلف واقعات میں 12 افراد ہلاک ہوگئے۔ 

افغان میڈیا کے مطابق افغانستان میں ہونے والے پارلیمانی اور کونسل کے انتخابات کے لیے  دوسرے روز بھی امن و امان پر قابو نہیں پایا جاسکا۔ بم دھماکوں اور فائرنگ کے واقعات میں  12 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ کشیدہ حالات کے باعث گزشتہ روز کئی پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا عمل روک دیا گیا تھا۔  قندھار اور غزنی میں پہلے ہی انتخابات ملتوی کیے جا چکے ہیں۔

انتخابات کے پہلے روز مختلف پولنگ اسٹیشنز پر دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں 40 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ طالبان کی دھمکیوں اور پہلے روز کے تلخ تجربے کے بعد پولنگ کے دوسرے روز سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کیے گئے۔ 50 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکاروں کو پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات کیا گیا جب کہ  اسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ رہی۔

واضح رہے کہ 2001 کے بعد یہ پہلے انتخابات ہیں جو افغان حکومت کے زیرانتظام منعقد کرائے جارہے ہیں اور پہلی بار ہی ان انتخابات میں بائیو میٹرک سسٹم کا استعمال کیا جارہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔