ہمسایہ ممالک سے توانائی کے حصول کے امکانات کا ہرممکن جائزہ لیا جائے، وزیراعظم

ویب ڈیسک  جمعـء 14 جون 2013
توانائی شعبے کی کمپنیوں کو سہولت دینے سے مسقبل میں لوڈشیڈنگ کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکتا ہے، وزیراعظم فوٹو:فائل

توانائی شعبے کی کمپنیوں کو سہولت دینے سے مسقبل میں لوڈشیڈنگ کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکتا ہے، وزیراعظم فوٹو:فائل

اسلام آ باد: وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بجلی بحران پر ہنگامی بنیادوں پر قابو پانے کے لیے ہمسایہ ممالک سے توانائی کے حصول کے امکانات کا ہر ممکن جائزہ لیا جائے گا۔

اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت  توانائی بحران سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ،وزیرخزانہ محمد اسحاق ڈار ،وزیراطلاعات پرویز رشید ،وزیرپیٹرولیم شاہد خاقان عباسی اوروزیرپانی وبجلی خواجہ آصف سمیت دیگر حکام نے شرکت کی، اجلاس میں بجلی کی پیداوار بڑھانے، توانائی کے متبادل ذرائع تلاش کرنے، بجلی چوری روکنے ،نرخ کم کرنے، لائن لاسز پر قابو پانے اور توانائی بحران کے حل کے لیے مختصر ،درمیانی اور طویل مدت حکمت عملی پر غور کیا گیا، وزیراعظم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ بجلی کے نادہندگان سے واجبات کی وصولی کے لیے موثر اور جامع حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے اور وزار ت میں بجلی بحران سے نمٹنے کے لیے ایک با اختیار شعبہ بنایا جائے گا، یہ شعبہ بجلی کی پیداوار اور طلب پر نظر رکھنے کی ذمہ داری پوری کرے گا اور توانائی کے حوالے سے حکمت عملی اور پالیسی فیصلوں پر عمل درآمد کی نگرانی بھی کرے گا۔

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ بجلی بحران پر ہنگامی بنیادوں پر قابو پانے کے لیے ہمسایہ ممالک سے توانائی کے حصول کے امکانات کا ہر ممکن جائزہ لیا جائے گا، توانائی شعبے کی کمپنیوں کو سہولت دینے سے مسقبل میں لوڈشیڈنگ کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کی کمی پر قابو پانے کے لیے طویل حکمت عملی کا جائزہ لیا جائے اور  اس سلسلے میں عملی اقدامات  بھی کئے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔